شیخوپورہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی٬ 9 دہشتگرد مارے گئے٬5فرار

ہلاک دہشتگردوں سے چھ کلو دھماکہ خیز مواد پرائما کارڈ٬ چار کلاشنکوف٬ پانچ پستول٬ گولیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد

بدھ 2 نومبر 2016 11:24

لاہور/شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 نومبر2016ء)شیخوپورہ میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں9دہشتگرد ہلاک جبکہ ان کے پانچ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق13سے 14 دہشتگرد شیخوپورہ مریدکے روڈ پر واقع خیرو کے ملیاں کے قریب موجود ہونے کی اطلاع تھی۔ ملزمان اہم تنصیبات اور پولیس کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی کی کارروائی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ کے باعث9 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چار سے پانچ دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے چھ کلو دھماکہ خیز مواد پرائما کارڈ٬ چار کلاشنکوف٬ پانچ پستول٬ گولیاں اورپانچ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ۔