وزیراعظم پر الزامات اور تلاشی لینے والے ملک میں ترقیاتی عمل اور مسلم لیگ ن کی روز بروز بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں٬وزیراعلی بلوچستان کے مشیر معدنیات وقدرتی وسائل رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان لہڑی کی مختلف وفود سے بات چیت

اتوار 30 اکتوبر 2016 22:10

ڈیرہ مرادجمالی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) وزیراعلی بلوچستان کے مشیر معدنیات وقدرتی وسائل رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف پر الزامات اور تلاشی لینے والے ملک میں ترقیاتی عمل اور مسلم لیگ ن کی روز بروز بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں‘ اسلام آبادبند کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنے مقصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے آبائی گوٹھ تاج محمد لہڑی میں حلقہ کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک ملک گیر جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا اہم کردار اداکیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک میں ترقیاتی اسکیمات کا جال بچھادیا ہے میٹروبس٬اوینج لائن منصوبہ ٬ملتان ٹو سکھر موٹروے ٬ملتان میٹروبس منصوبہ کراچی میں گرین لائن منصوبے ٬سبی ٹوہرنائی ریلوے منصوبے کی بحالی٬بلوچستان کو پنجاب سے ملانے کے لئے سبی کوہلو رکھنی ٹوڈیرہ غازی خان روڈ منصوبے سمیت ملک بھر میں کئی اہم پراجیکٹس شامل ہیں جن کی تکمیل سے ملک میں ایک نیا انقلاب آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاجوں سے ملک کو بہت نقصان پہنچا ہے مخالفین ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر مسلم لیگ (ن) ان کی ان سازشوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دے گی اسلام آباد کسی بھی صورت میں بند کرنے نہیں دیا جائے گا لاک ڈاون کرنے والوں کو کسی صورت میں نہیں بخشاجائے گااور ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔