جمہوریت میں بھی عوام جمہوری حقوق سے محروم ہیں ٬سربراہ سنی تحریک

بدعنوانی وکرپشن کے خاتمے کیلئے حکومتی ناقص کارکردگی نے مظلوم غریب عوام سے دو وقت کی ر وٹی بھی چھین لی ہے ٬ثروت اعجاز قادری

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جمہوریت میں بھی عوام جمہوری حقوق سے محروم ہیں ٬بدعنوانی وکرپشن کے خاتمے کیلئے حکومتی ناقص کارکردگی نے مظلوم غریب عوام سے دو وقت کی ر وٹی چھین لی ہے ٬سیاسی ورکرز کی گرفتاریاں جمہوریت منافی عمل ہے ٬ریاستی طاقت کا استعمال حکومت کو مہنگا پڑے گا ٬سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بھی بند نہیں ہوتے ٬اپوزیشن اور حکومتی جماعتیں ملک و عوام کے مفاد کو مد نظر رکھیں٬عوام آمریت نما جمہوریت نہیں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں عوام کو بنیادی حقوق فوری فراہم ہوں ٬عوام پانامہ لیکس اور کرپشن پر حکومت اور اپوزیشن کی نوراکشتی پر نظریں جمائے ہوئے ہیں ٬ کرپٹ حکومت سے نجات دلانے کیلئے بہترین فورم پارلیمنٹ ٬عدلیہ یا پھر عوامی طاقت ہے ٬پر امن احتجاج یا دھرنوں میں رکاوٹ جمہوری قدروں کے منافی ہے ٬ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ٬ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی ٬دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو لگام اور کرپشن کو ختم کرنا بڑے چیلنجز ہیں ٬ضرب عضب آپریشن کے تحت دہشتگردی کی کمر توڑدی گئی اور دہشتگردوں کے سہولتکاروں کوکافی حد تک قانون کی گرفت میں لایا جاچکا ہے مگرکرپشن کا معاملہ جوں کاتوں ہے ٬حکومت اور اپوزیشن کرپشن کے خاتمے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہیں ٬کرپشن کی روک تھام کیلئے نہ تو کوئی سخت قانون سازی کی جارہی ہے نہ ہی ملک کی دولت لوٹنے والوں پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے ٬حکومت اگر کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے تو قومی ایکشن پلان کے تحت کرپشن کے خلاف بھی کاروائی کے فوج کو اختیارات دے ٬جو بھی کرپشن میں ملوث ہو فوج ان کو قانون کے شکنجے میں جکڑ کر منطقی انجام کو پہنچا سکے٬انہوں کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن عوام کی ترجمانی کریں عوام نے مسائل کے حل اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ووٹ دیئے مگر اپوزیشن اور حکومت نے عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے پر مصروف رہے جو کہ جمہوری قدروں کے منافی ہے۔

متعلقہ عنوان :