محمد منشاء للہ بٹ کا سرحدی علاقوں کندن پور٬ راجہ ہڑپال اور ڈالوالی کا دورہ٬ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا ٬ شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:30

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء للہ بٹ نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جارحیت کا نشانہ بننے والے سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں کندن پور٬ راجہ ہڑپال اور ڈالوالی کا دورہ کیااور بھارتی فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام ٬ یوسی چیئرمین چودھری محمد اخلاق اور توحید اختر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ رکن صوبائی اسمبلی محمد منشا ء اللہ بٹ نے آئے روز ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے شہریوں کے ہمت اور جرأت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کے حوصلے بلند اور بے مثال ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے زخمیوں کو امدادی رقوم کے چیکس دیتے ہوئے کہاکہ دکھ اور مصیبت کی گھڑی میں حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے نہتے اور بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنا کر سفاکیت کا ثبوت دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی معمول بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کو نہیں دبا یاجاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت متاثرین کی ہر ممکن امداد کرے گی ۔ محمد منشاء اللہ بٹ نے موقع پر موجود انتظامیہ کے مقامی حکام کو تلقین کی وہ ورکنگ باؤنڈری پر واقع دیہات میں لوگوں کے مال و اسباب کے ہونے والے نقصانات کی فہرست تیار کریں ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب شہریوں کے مال مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرے گی ۔ قبل ازیں اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھر ی محمد اکرام نے مسلم لیگ کے مرکزی رابطہ آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں نے مختلف محکموں کے بارے میں اپنی شکایات منتخب نمائندوں کو پیش کی جس پر انہوں نے ان شکایات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔ انہوں نے کہاکہ عوام الناس کے مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت دن رات کوشاں ہے ۔

متعلقہ عنوان :