ڈی پی او اوکاڑہ کی منڈی احمد آباد میں کھلی کچہری٬ شہریوں کے مسائل سنے

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:30

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) ڈی پی او اوکاڑہ محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ مظلوم کو انصاف کی بروقت اور دہلیز پر فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لیے ضلعی پولیس پوری طرح سے متحرک ہے‘ قانون سے بالا تر کوئی فرد بھی نہیں ہے‘ جرم کرنے والا خواہ کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا‘ محکمہ پولیس میں رشوت کا خاتمہ اولین ترجیح ہے‘ ایماندار ملازمین اور افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ بد عنوان ملازمین کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹیڈیم منڈی احمد آباد میں لگائی جانیو الی کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی امیر سعود مگسی ٬ایس ڈی پی او ملک طارق ٬ایس ایچ او طارق جاوید اعوان بھی موجود تھے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی میاں خرم جہانگیر وٹو ٬چیئر مین یونین کونسل میاں فخر حیات وٹو اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس دوران کھلی کچہری میں ڈٖکیتی کی ایک واردات کے مدعی نے شکایت کی کے ان کی ڈکیتی کی واردات کو پولیس ٹریس آوٹ نہیں کر رہی جس پر ڈی پی ا و نے ایس ایچ او عزیز چیمہ کی سرزنش کی اور ڈکیتی کو ٹریس آوٹ کرنے کا حکم دیا جبکہ ایک خواجہ سراء نے شکایت کی کہ اس کے گھر پر چند با اثر افراد نے زبردستی قبضہ کر لیا ہے جسے واگزار کروایا جائے جس پر ڈی پی او نے چوبیس گھنٹے میں اس کا مکان واگزار کروانے کا حکم صادر کیا کھلی کچہری میں مقامی معززین نے خطرناک ڈکیٹ تنویر عرف تنی کو مارنے والی پولیس کو شہریوں نے شیلڈز دیں اس دوران ڈی پی او فیصل رانا کا کہنا تھا کہ ضلعی پولیس شہریوں کے جان و مال کی محافظ ہے۔