ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منایا٬ مندروں میں دیوالی تقریبات کا اہتمام

اتوار 30 اکتوبر 2016 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی اتوار کے روز ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منایا۔ اس سلسلے میں مندروں٬ گھروں اور دکانوں میں دیے روشن کر کے عبادات کی گئیں جس میں ملک کی خوشحالی٬ ترقی اور امن وامان کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

کراچی کے قدیم سوامی نارائن مندر اور ایس ڈی دھام مندر میں دیوالی کے حوالے سے بڑی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں خواتین اور بچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر روایتی ’’گربا رقص‘‘ اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ شہر کے چھوٹے بڑے مندروں میں بھی ہندو برادری نے عبادات و تقریبات منعقد کیں۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ شہر کی مختلف سماجی تنظیموں نے غریب ہندو بھائیوں کی دیوالی کی خوشیوں کو یقینی بنانے کے لئے ان کی مالی مدد کے علاوہ کپڑوں اور راشن تقیسم کیا۔