خواتین میں بریسٹ کینسر کی بڑھتی ہوئی شرح انتہائی توجہ طلب ہے‘ {ڈاکٹر حاجرہ جبین

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) اینور کینسر ہسپتال ایبٹ آباد میں ہفتہ کو بریسٹ کینسر ڈے کے حوالہ سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا٬ ایبٹ آباد اور گردونواح سے شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات٬ نرسز اور دیگر معززین خواتین و حضرات نے شرکت کی٬ پروگرام کے آغاز پر کینسر کے ممتاز معالج اور اینور کینسر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید جوا د اختر حسین نے معزز مہمان گرامی کو مذکورہ سیمینار میں شرکت پر خوش آمدید کہا٬ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اینور نے چھاتی کے سرطان کے بارے میں بتایا کہ پاکستانی خواتین میں سب سے زیادہ پایا جانے والا سرطان ہے اور خواتین میں سب سے زیادہ اموات اس کے سبب ہوتی ہیں٬ انہوں نے اینور میں دستیاب سہولیات کا بھی تفصیلی ذکر کیا٬ انہوں نے سول سوسائٹی اور تعلیم یافتہ طبقہ سے اپیل کی کہ وہ کینسر آگاہی کی مہم میں اینور کا بھرپور ساتھ دیں٬ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیدہ تطہیر فاطمہ نے بریسٹ کینسر سے آگاہی٬ اس کی ممکنہ جلد تشخیص کے طریقوں اور ان کی اہمیت پر بھرپور روشنی ڈالی٬ انہوں نے ابتدائی احتیاطی تدابیر کے طور پر خواتین کو ذاتی معائنہ کے طریقہ کار سیکھنے پر بھی زور دیا٬ انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہئے کہ وہ وقتاً فوقتاً ڈاکٹر کے ذریعہ میموگرافی ٹیسٹ سے اپنا معائنہ کرواتی رہیں٬ ڈاکٹر حاجرہ جبین نے بریسٹ کینسر کے علاج کے مختلف طریقوں پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین میں بریسٹ کینسر کی بڑھتی ہوئی شرح انتہائی توجہ طلب ہے٬ اس کی بڑی وجہ خواتین میں اس بیماری کے متعلق عدم آگاہی ہے٬ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کو اینور کے شابہ بشانہ وسیع پیمانہ پر پھیلانے کی اشد ضرورت ہے٬ آخر میں ڈائریکٹر اینور جواد اختر حسین گیلانی نے حاضرین٬ افسران اور سٹاف کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔