ملک دشمن عناصر واقعات کی آڑ میں پاکستان میں فرقہ وارانہ فساد ات کرانے کی گھناؤنی سازشیں کررہے ہیں صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

ملک میں قیام امن کیلئے پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں مگر افسوس حکومتی صفوں میںکچھ عناصر ایسے ہیں جو اس آپریشن کی راہ میں رکاوٹ ہیں

اتوار 30 اکتوبر 2016 20:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کراچی مجلس عزاء پر فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد کی ہلاکت درجنوں افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر ان واقعات کی آڑ میں پاکستان میں فرقہ وارانہ فساد ات کرانے کی گھناؤنی سازشیں کررہے ہیں تاکہ ملک میں افراتفری پھیلا کر اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کرسکیں انہوں نے تمام مکاتکب فکر کے لوگوں بالخصوص علماء مشائخ ٬دانشوروں اور زعماء ملت سے اپیل کی کہ وہ پر امن رہیں اور اتحاد واخوت کے رشتے کو مزید مضبوط کریں تاکہ دشمن کی سازشوں کوناکام بنایا جاسکے جوملک میں انارکی پھیلا کرپاکستان میں فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی سازشیں کررہا ہے انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی کڑیاں بھی کوئٹہ کے سانحات سے ملتی ہیں سیکورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اس قسم کی دھشت گردانہ کاروائیوںکاازسر نو جائزہ لیں اور ملک دشمن قوتوں کے آلہٰ کار عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لا ئیں تاکہ آپریشن ضرب عضب کے اصل مقاصد حاصل ہو سکیں انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں مگر افسوس حکومتی صفوں میںکچھ عناصر ایسے ہیں جو اس آپریشن ضرب عضب کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور ملک دشمن قوتوں کے اشارے پر دھشت گردوں کی مکمل سرپرستی کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ قبل از وقت اعلیٰ سلامتی سے متعلق اہم خبریں اخبارات کی زینت بن جاتی ہیں جس سے ہمارا ازلی دشمن بھارت مسلسل فائدہ اٹھا رہا ہے انہوں نے کراچی مجلس عزاء پر فائرنگ کرنے والے دھشت گردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کے امن کو تباہ کرنے والی قوتوں کی سازشوں کا سختی سے نوٹس لیں اور دھشت گردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں ۔

متعلقہ عنوان :