حکمران ٬ سیاستدان بردباری کا مظاہرہ کریں٬ ملک مزیدکسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا: ساجد نقوی

سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے٬ جمہوریت کی مضبوطی ٬ کرپشن کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے٬ قائد ملت جعفریہ

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اکتوبر2016ء) قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ اس وقت ملک کو بہت سے اندرونی و بیرونی بحرانوںکا سامنا ہے٬ ایسے حالات میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کو بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا٬ سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے٬ ایک معصوم بچے کے جاں بحق ہونے کاواقعہ انتہائی افسوسناک ہے٬ جمہوریت کی مضبوطی٬ کرپشن کے خاتمے اورآئین و قانون کی بالادستی کیلئے سنجیدگی سے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے شیعہ علما کونسل پنجا ب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ٬ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈر ی پر غیر معمولی حالات ہیں جبکہ ملک کے اندر بھی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے شدید مشکلات ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات گھر میں ہونیوالی مجلس عزا پر دہشت گردوں کی فائرنگ او ر بے گناہ لوگوں کی شہادت ایک لرزہ خیز واردات ہے٬ قبل ازیں تکفیریوں کا وزیر داخلہ کی ناک کے نیچے اجتماع جس میں بھرپور اور کھل کر تکفیریت کی گئی ٬ اگلے ہی یہ روز یہ لرزہ خیز واردات شہر قائد میں رونما ہوگئی جس نے کراچی میں جاری آپریشن پر واضح سوالیہ نشان لگادیا ہے ٬ اس کے علاوہ چند روز قبل کوئٹہ میں ایک بڑا دہشت گردی کا واقعہ رونما ہوا ہے٬ ایسے حالات میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کو برد باری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے ٬ حکومت کو بھی اس سلسلے میں لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا سب کی ذمہ داری ہے٬ ملک میں استحکام ٬ جمہوریت کی مضبوطی ٬ کرپشن کا خاتمہ اور آئین و قانون کی بالادستی بہت بڑے چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیںکہ کرپشن کے خاتمے کیلئے اس کاجڑسے خاتمہ کیا جائے ٬ صرف شاخیں کاٹنے سے کرپشن ختم نہیں ہوگی ٬اسی طرح دہشت گردی کے خاتمے اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے بھی ٹھوس عملی اقدامات اٹھانا ہونگے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کابہتر حل ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے نکلتاہے٬ پارلیمنٹ موجود ہے تو تمام فریقین کو مسائل باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں کیونکہ موجودہ صورتحال میں ملک کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :