پی ٹی سی ایل اور Netflix کے درمیان شراکت کے معاہدے پر دستخط

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان میں پی ٹی سی ایل وہ پہلی کمپنی ہے جس نے پاکستان کی مارکیٹ کے لئے عالمی سطح پر انٹر نیٹ ٹیلی وژن نیٹ ورک فراہم کرنے والی کمپنی Netflix سے شراکت کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔اس معاہدے کے بعد٬ پی ٹی سی ایل اور Netflix اپنے متعلقہ وسائل باہمی فائدے کے لئے استعمال کرسکیں گے٬ تاکہ پاکستان میں Netflix کی خدمات کے دائرے کو مزید وسیع کیا جائے۔

یہ معاہدہ پاکستان میں ڈیجیٹل مواد کے شوقین افراد کو مزید سہولیات فراہم کرے گا٬ اور وہ Netflix کی جانب سے فراہم کردہ اسٹریمنگ سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے ۔پی ٹی سی ایل پاکستان میں Netflix کے مواد کو فروغ دے گا۔پی ٹی سی ایل ایڈوانس کیشنگ سرورز کی خدمات فراہم کرتا ہے جو Netflix کے ساتھ تکنیکی پیئرنگ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ جنوری 2016 ء میں Netflix کے عالمی طور پر آغاز کے بعد سے Netflix ٹیلی وژن دیکھنے والوں کو ا علیٰ و معیاری تجربے سے روشناس کرا رہی ہے۔

اس معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف کمرشل آفیسر٬ عدنان شاہد نے کہا :’’ڈیجیٹل انٹر ٹینمنٹ کی فراہمی پی ٹی سی ایل کی اولین ترجیح ہے٬ اور Netflix کے ساتھ شراکت اس سمت میں ایک اور قدم ہے۔ ہم پاکستان میں Netflix کے ساتھ کام کرکے عالمی معیار کے ڈراموں اور فلموں کو پاکستان میں پیش کرسکیں گے۔‘‘ Netflix بزنس ڈیولپمنٹ کے نائب صدر برائے ایشیا٬ Tony Zameczkowski٬نے اس موقع پر کہا :’’ ہم پاکستان میں پی ٹی سی ایل کے ساتھ شراکت داری پر بہت خوش ہیںاور پاکستانی صارفین کے لئے اعلیٰ معیار کی انٹر ٹیمنٹ فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔

‘‘ Netflix عالمی طور پر صفِ اول کا انٹر نیٹ ٹیلی وژن نیٹ ورک ہے جس کے 190 ممالک میں پھیلے ممبران کی تعداد 86 ملین سے زائد ہے٬ جو روزانہ 125 ملین گھنٹوں کے ٹی وی شوز اور فلمیں اس نیٹ ورک کے ذریعے دیکھتے ہیں ٬ ان میںڈرامہ سیریز٬ دستاویزی اور فیچر فلمیں شامل ہیں۔Netflix کے ممبران کسی بھی وقت٬ کسی بھی جگہ کسی انٹر نیٹ سے منسلک اسکرین پر بغیر کسی کمرشل کے جتنا چاہیں دیکھ سکتے ہیں اور اپنی مرضی سے اسے چلا سکتے ہیں٬ روک سکتے ہیں اور دوبارہ وہیں سے دیکھنا شروع کرسکتے ہیں جہاں اسے انہوں نے چھوڑا تھا۔

پی ٹی سی ایل پاکستان میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) سروسزاور انٹرٹینمنٹ کی سب سے بڑی کمپنی ہے اور اپنی براڈ بینڈ اور ڈیجیٹل ٹیلی وژن کی خدمات لاکھوں لوگوں کو فراہم کرتی ہے۔ پی ٹی سی ایل کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ صارفین کو بہترین سہولیات حاصل ہوں٬ اسی لئے پی ٹی سی ایل نے اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کا اسٹریمنگ مواد فراہم کرنے کے لیی٬ْ Netflix کے ساتھ یہ معاہدہ کیا ہے۔