مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی‘حافظ محمد سعید

مسلم امہ کا بچہ بچہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہے٬ ملک میں سیاسی انتشار سے دشمن قوتوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا٬ کشمیر کی تحریک آزادی نقطہ عروج پر ہے٬ اسے پس منظر میںدھکیلنے کی کوششیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی‘ امیر جماعة الدعوة

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی٬مسلم امہ کا بچہ بچہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہے٬ ملک میں سیاسی انتشار سے دشمن قوتوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا٬ کشمیر کی تحریک آزادی نقطہ عروج پر ہے٬ اسے پس منظر میںدھکیلنے کی کوششیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی٬ جماعة الدعوة تعلیمی و رفاہی شعبہ جات گلی٬ محلے کی سطح پر منظم کرے گی٬ ملک کے اندرونی مسائل کا حل بھی اسی میں پوشیدہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں گلشن اقبال٬ سائٹ ایریا اور مہران ٹائون میں اضلاع کی سطح پر کارکنان کی تربیتی نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس میں کارکنان و ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تربیتی نشستوں سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولاناسیف اللہ خالد٬ فلاح انسانیت فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف٬ جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈیا کی بوکھلاہٹ سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد درست سمت میں چل رہی ہے۔ ہماری حکومتوں نے ہمیشہ بھارت و امریکہ کو مطمئن کرنے کی ناکام کوششیں کی ہیں۔ حکمران ملکی مفادات کو عزیز رکھیں٬ انڈیا و امریکا کو خوش کرنے کی کوششوں سے کچھ نہیں ملے گا۔انہوںنے کہاکہ اتحاد کے بجائے اختلاف و انتشار کو مسلمانوں کی شناخت بنادیا گیا ہے۔

موجودہ حالات میں دعوتی و رفاہی سرگرمیوں کو مزید وسعت دین کی ضرورت ہے۔ دشمن کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا خاتمہ بھی دعوت و خدمت کے میدان میں کردار ادا کرنے سے ہی ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر دنیا کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ آزادی کی تحریک چلانے والے حریت پسند دہشت گرد نہیں٬ انڈیا کی آٹھ لاکھ فوج دہشت گرد ہے٬ جو بزور قوت کشمیریوں کو غلام بنانا چاہتی ہے۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں رفاہی خدمات کے لیے وسیع میدان موجود ہیں۔ ہر طبقہ ایک شعبہ ہے۔ دعوت٬ تعلیم٬ خدمت٬ اساتذہ٬ طلبہ سمیت تمام شعبہ جات کو نچلی سطح تک منظم کریں گے۔ گلی٬ محلے کی سطح پر رفاہی خدمات کو وسعت دی جائے گی۔ کارکنان طے کرلیں کہ انتشار و اختلاف کی جگہ اتحاد و یکجہتی کا ماحول قائم کرنا ہے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف نے کہا کہ اسلام اجتماعیت کا درس دیتا ہے۔

صرف ذاتی زندگی کی فکر کرنے والے ذاتیات تک محدود رہتے ہیں۔ زندگی صرف اپنے لیے جینے کا نام نہیں ہے۔ ہمیں دوسروں کے لیے قربانی کا جذبہ اپنے دلوں میں پیدا کرنا ہوگا۔ قربانی دیے بغیر کوئی کام پورا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ انسان پر پہلا حق اللہ کے دین کا ہے۔ تمام توانائیاں اللہ کے دین کے لیے صرف کی جائیں۔ رفاہ عامہ کے میدان میں کردار ادا کرنے سے ہی حقیقی خوشی میسر ہوگی۔