Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے تحت ’’استعفیٰ دو٬ تلاشی دو‘‘ ریلی انصاف ہائوس نرسری سے مزار قائداعظم تک نکالی گئی

پرامن احتجاج کرنا پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کا آئینی حق ہے۔ نواز شریف اور ان کے ٹولے نے ملکی خزانے سے اربوں روپے لوٹے٬ عارف علوی نواز شریف اور ان کا خاندان احتساب سے بچ نہیں سکتے ہیں٬ نواز شریف کی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے احتجاج کو نہیں روک سکتی٬ ریلی کے شرکاء سے خطاب

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے تحت اتوار کو ’’استعفیٰ دو٬ تلاشی دو‘‘ ریلی انصاف ہائوس نرسری سے مزار قائداعظم تک نکالی گئی۔ تحریک انصاف کی ریلی میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی٬ کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی٬ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان٬ سابق سینیٹر ہمایوں خان مندوخیل نے کی۔

ریلی کے شرکاء نے گو نواز گو اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف نعرے لگائے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف سندھ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کا آئینی حق ہے۔ نواز شریف اور ان کے ٹولے نے ملکی خزانے سے اربوں روپے لوٹے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور ان کے خاندان کا نام پانامہ لیکس میں آیا ہے۔

اب وہ احتساب سے بچ نہیں سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے احتجاج کو نہیں روک سکتی۔ انہوں نے اسلام آباد اور دیگر شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ حکمران جتنے بھی راستے بند کرلیں٬ 2 نومبر کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر امنڈ آئے گا۔ 2 نومبر سے نواز شریف کی رخصتی کا دن شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2 نومبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی ہر صورت لاک ڈائون کرے گی۔ پی ٹی آئی اس وقت تک دھرنا دے گی جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاس آخری موقع ہے کہ وہ 2 نومبر سے قبل استعفیٰ دے دیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کا ٹولہ 2 نومبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ہونے والے احتجاج کو سبوتاژ کرنے کے لئے سازشیں کررہا ہے۔

اگر حکمرانوں نے عمران خان ودیگر رہنمائوں کو نظر بند کیا تو ہم پورے ملک میں دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متنازع خبر کے معاملے پر ایک درباری رخصت ہوچکا ہے۔ اب مزید درباری جانے والے ہیں۔ متنازع خبر کے پیچھے حکمران بھی ملوث ہیں۔ اس متنازع خبر کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے اور اس میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہئے۔ اس موقع پر خرم شیر زمان اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے عوام نے تبدیلی کا سفر شروع کردیا ہے۔

یہ تبدیلی نواز شریف کی رخصتی تک جاری رہے گا اور جلد نئے پاکستان کا خواب پورا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے بھی بڑی تعداد میں عوام 2 نومبر کے دھرنے میں شرکت کریں گے۔ تحریک انصاف کی ریلی کے موقع پر پی ٹی آئی کی کارکنان کی جانب سے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات