سی پیک میں سائوتھ ریجن کے ساتھ بڑا ظلم ہوا ہے۔ملک شاہ محمد

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ وہ صرف اپنے حلقے نہیں بلکہ پورے سائوتھ ریجن کی بات کرتے ہیں وہ اس خطے کی حقوق کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیارہیں اور کسی کو اس سے زیادتی کرنے نہیں دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شکردرہ کوہاٹ میں 25کروڑ روپے لاگت کے تڑلی پل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے دوسروں کے علاوہ وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی ٬تحصیل نائب ناظم لاچی ناظر محمود٬ ڈسٹرکٹ کونسلر محمد حسن٬ فقیر شاہ٬ جمیل احمد٬عثمان خٹک اور امیر جان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر تحصیل ناظم لاچی اشفاق قریشی٬ چیف انجنیئر سی اینڈ ڈبلیو ایوب خٹک٬ایس ای سی اینڈ ڈبلیو کوہاٹ محمد ریاض اور عمائد ین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

شاہ محمد وزیر نے کہا کہ سی پیک میں سائوتھ ریجن کے ساتھ بڑا ظلم ہوا ہے اور مخصوص علاقوں کو شامل کرنے کے لئے گیارہ اضلاع کو بائی پاس کرکے سی پیک کا پورا نقشہ تبدیل کردیا گیا ہے اور اس میں 600کلومیٹر کا غیر ضروری اضافہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چین میں بین الاقوامی فورم پر سی پیک میں سائوتھ ریجن کے ساتھ کی گئی زیادتی کو اٹھایا اور وہ صوبائی وزیر قانون کے ہمراہ دوبارہ اس سلسلے میں چین کا دورہ کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا اندرونی دشمن کرپشن ہے جس میں ہمارے وزیراعظم اور ان کا پورا خاندان ملوث ہے اور پانامہ لیکس اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ 2نومبر کا احتجاج ہر صورت ہو گا یہ احتجاج کسی کی ذات یا پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ یہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور بہتر مستقبل کے لئے ہے۔۔شاہ محمد خان نے انکشاف کیا کہ صوبائی حکومت نے پشاور تا ڈی آئی خان ریلوے ٹریک بچھانے کی منظوری دی ہے اور عنقریب اس منصوبے پر عملی کام شروع کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :