میگا پراجیکٹس علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے گیم چینجرز ثابت ہوں گے ٬صوبائی وزیر قانون

پی کے 39 کی 35 سالہ محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں٬خیبر پختونخوا کے وزیر قانون

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ پی کے 39 کی 35 سالہ محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیںاور یہا ں پر اربوں روپے کے شروع کئے گئے میگا پراجیکٹس علاقے کی تقدیر بدل دے گی اور تکمیل کے بعد یہ علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے گیم چینجرز ثابت ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شکردرہ کوہاٹ میں 25کروڑ روپے لاگت کے تڑلی پل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے دوسروں کے علاوہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر٬تحصیل نائب ناظم لاچی ناظر محمود٬ ڈسٹرکٹ کونسلر محمد حسن٬ فقیر شاہ٬ جمیل احمد٬عثمان خٹک اور امیر جان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر تحصیل ناظم لاچی اشفاق قریشی٬ چیف انجنیئر سی اینڈ ڈبلیو ایوب خٹک٬ایس ای سی اینڈ ڈبلیو کوہاٹ محمد ریاض اور عمائد ین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے سیاسی مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں دعوت دی کہ وہ آج خود آکر دیکھیں کہ ہم نے جو کچھ کہا تھا وہ سچ کر دکھایااب وہ بھی عوام کو اپنی گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈے کا جواب دیں۔انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے کبھی بھی ایسا وعدہ نہیں کریں گے جسے وہ ایفا نہ کرسکیں۔ اپنے حلقہ نیابت پی کے 39کے لئے منظورکردہ میگا پراجیکٹس کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کڑپہ شکردرہ ہائی وے کیلئے ڈھائی ارب روپے٬دریائے سندھ سے شکردرہ اور ملحقہ دیہات کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے٬انڈسٹریل اسٹیٹ جس میں منی ائیرپورٹ بھی ہو گا کیلئے 60کروڑ رپے٬ شکردرہ گرڈ اسٹیشن کیلئے بھی 60کروڑ روپے٬ریسکیو1122کیلئے 35کروڑ روپے٬ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئی25کروڑ روپے اور بوائز ڈگری کالج کیلئے 24 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔

اسی طرح گرلز ڈگری کالج کی فزیبیلٹی بھی مکمل ہو گئی ہے اور عنقریب اس پر عملی کام شروع کر دیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ رحمن آباد میں ٹیکنیکل کالج کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔امتیاز قریشی نے چیلنج کیا کہ ان کی تین سالہ کارکردگی گزشتہ 35سالوں سے کئی گنا زیادہ ہے اور اس کیلئے وہ کسی بھی وقت مناظرے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے دعوے کے ساتھ کہا کہ اپنی پانچ سالہ مدت کی تکمیل کے بعد انکے سیاسی مخالفین حلقے کے عوام کا سامنا نہیں کر سکیں گے کیونکہ عوام انکی منفی سیاست کو جان چکے ہیں۔قبل ازیں وزیر موصوف نے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان وزیر کے ہمراہ تڑلی پل کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا۔

متعلقہ عنوان :