حکومت نے پرویز رشید کی قربانی تو دی ہے مگر یہ نہیں سوچا کہ قربانی کے جانور کا بے عیب ہونا ضروری ہے‘سراج الحق

پرویز رشید اتنی بڑی جرأت نہیں کر سکتے ٬قومی سلامتی کے راز فاش کرنے کے اصل ملزم سامنے لائے جائیں ٬فوج کو اپنے مقاصد کیلئے سیاست میں گھسیٹنے والے ملک و قوم سے مخلص ہیں نہ فوج سے ٬پاکستان اور فوج دونوں ضروری ہیں ٬اس ادارے کو سرحدوں کی حفاظت سے ہٹا کر کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال کرنے کی قوم اجازت نہیں دے گی٬ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے سب سے پہلے تحریک شروع کی تھی اور ہم ہی اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘کرپشن مٹائو پاکستان بچائوکے شرکاء سے خطاب

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:40

2لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے پرویز رشید کی قربانی تو دی ہے مگر یہ نہیں سوچا کہ قربانی کے جانور کا بے عیب ہونا ضروری ہے٬ حکومت کی طرف سے دی گئی یہ قربانی قبول نہیں ہوئی ٬پرویز رشید اتنی بڑی جرأت نہیں کر سکتے ٬قومی سلامتی کے راز فاش کرنے کے اصل ملزم سامنے لائے جائیں ٬فوج کو اپنے مقاصد کیلئے سیاست میں گھسیٹنے والے ملک و قوم سے مخلص ہیں نہ فوج سے ٬پاکستان اور فوج دونوں ضروری ہیں ٬اس ادارے کو سرحدوں کی حفاظت سے ہٹا کر کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال کرنے کی قوم اجازت نہیں دے گی٬ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے سب سے پہلے تحریک شروع کی تھی اور ہم ہی اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے٬پانامہ لیکس کرپشن کی ہوشربا داستان ہے جس میں وزیر اعظم کے بچوں کے نام ہیں ٬وزیر اعظم کس طرح خود کو اس سے بری الذمہ قرار دے سکتے ہیں٬حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنایا نہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیں ٬حیلوں بہانوںمیں قوم کے چھ ماہ ضائع کردیئے ٬ ملک میں انتشار اور بدامنی کا ذمہ داریہی حکمران ٹولہ ہے ٬حکمرانوں نے عوام پر ایک غیر اعلانیہ جنگ مسلط کررکھی ہے ٬انڈیا ایل او سی پر سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے دعوے جبکہ حکمران عوام کی جیبوں پرہرروز سرجیکل سٹرائیک کرتے ہیں ٬عوام جس جرأت کے ساتھ انڈیا کے خلاف کھڑے ہیں اسی جرأت کے ساتھ حکمرانوں کے مقابلہ کیلئے بھی تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے تین روزہ اجتماع ارکان کے اختتام پر وحدت روڈ پر ہونے والے کرپشن مٹائو پاکستان بچائو مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مارچ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ٬امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔مارچ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر حافظ محمد ادریس ٬ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ٬امیر العظیم اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نواز شریف سے پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ ضد چھوڑ کر اپنے اور اپنے بچوں کے احتساب کیلئے تیار ہوجائے ۔ اسلام آباد میں جاری دنگل سے پورے ملک کے عوام پریشان ہیں اس کے حل کی چابی سپریم کورٹ کے پاس ہے ۔پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ کو کسی نظریہ ضرورت کی ضرورت نہیں٬سپریم کورٹ جرأت سے فیصلہ کرے ٬قوم عدلیہ کے ساتھ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے کندھوں پر سوار ہوکر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے ہیں ٬کبھی ایک مظلوم اور دوسرا ظالم اور پھر پہلا ظالم اور دوسرا مظلوم بن جاتا ہے اور مصنوعی لڑائی لڑکر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ یہ ایک ہی لٹیرا کلب کے ممبر ز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو دیانتدار قیادت صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے ۔اگر میں ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے نکلا ہوں تو میرے دائیں بائیں کوئی آف شور کمپنی کا مالک ٬شوگر مافیا کا ڈان ٬قرضے ہڑپ کرنے والا یا سمگلر نہیں قوم سے اپنی امانت ودیانت کا لوہا منوانے والے کھڑے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مغرب اور امریکہ کے ذہنی غلام مسجد و محراب اور قرآن و سنت کے احکامات کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں جبکہ ملک کے اسی فیصد عوام ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر موجودہ اور سابقہ حکمرانوں میں سے کوئی اس خوش فہمی کا شکار ہے کہ وہ لوٹی گئی قومی دولت ہضم کرلے گا تو اسے یہ غلط فہمی چھوڑ دینی چاہئے ٬لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب ہوگا اور لٹیروں کو چوری کے ساتھ ساتھ سینہ زوری کی بھی سزا بھگتنا پڑے گی۔

سپریم کورٹ سے پانامہ لیکس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپیل کرتا ہوں ٬اب بہت ہوچکا ٬عوام کی خون پسینے کی کمائی اور یوٹیلٹی بلوں اورٹیکسوں کی آمدن کو ہڑپ کرنے والوں کواحتساب کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ہم ملک میں کسی نئے این آر او کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ مشرف کے این آراو سے فائدہ اٹھانے والوں کو بھی جیلوں میں بند کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر 73ارب ڈالر کے قرضے چڑھانے اور قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا اسیر بنانے والے سوچتے ہیں کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

قوم نہ صرف ان قرضوں بلکہ قرض اتاروملک سنوارو ٬اقراء سرچارج اور فرینڈز آف پاکستان میں جمع ہونے والی دولت کا بھی حساب لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے تمام اداروں کو یرغمال بنا کر مفلوج کردیا ہے اگر الیکشن کمیشن اپنے قوانین پر عمل کرواتا تو آف شور کمپنیوںکے مالک ٬شوگر مافیا اور لندن اور امریکہ میں اثاثے بنانے والے اقتدار کے ایوانوں میں نظر نہ آتے ۔

انہوں نے کہاکہ حکمران جمہوریت کی آڑ میں اپنی کرپشن چھپانے اور عوام کو بے وقوف بنانے کا رویہ ترک کردیں۔نواز شریف اور زرداری اپنی دولت پاکستان لے آئیں تو ملک و قوم کے سارے دلدر دور ہوسکتے ہیں ۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے ٬کرپشن اور حکمرانوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے ٬انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرپشن کے خاتمہ کو قومی ایکشن پلان کا حصہ بنایا جائے ٬ہم کرپشن کے خاتمہ کی تحریک کو ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے اور عوام کو ساتھ لیکر اس کینسر کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیں گے ۔

انہو ںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے کارکن کرپشن کے زہریلے ناگ کا سر کچلے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کوئٹہ ٬کراچی اور مردان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سانحات کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ۔مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا کہ ملک میں پھیلی غربت ٬جہالت ٬بدامنی مہنگائی اور بے روز گاری کا اصل سبب کرپشن ہے ۔

حکومتی کرپشن کے ہاتھوں غریب عوام کے چولہے بجھ رہے ہیں ٬لیکن حکمرانوں کے پاس عوام کے مسائل کے حل کا کوئی وژن ہے نہ صلاحیت ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمران باہم دست گریبان ہوکر اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اب 70,80یا 90کی سیاست نہیں چلے گی ٬یہ 2016ہے ٬ حکمران محاذ آرائی کا ڈراما کرکے اب عوام کو فریب نہیں دے سکتے ۔

کرپشن کرنے والا ایک ہی ٹولہ ہے جو پارٹیاں اور چہرے بدلتے ہیں مگر اپنی لوٹ کھسوٹ کو چھوڑ نے کیلئے تیار نہیں ۔حکمران آدھا ملک گنوا چکے ہیں اور جو آدھا باقی ہے اسے بھی برادری ازم ٬لسانیت اور علاقائی تعصبات کی نظر کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے گڈ گورننس کے دعوئوں کو عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو روزگار ملتا ہے نہ انصاف اور حکمران آئے روز اپنی کامیابیوں کے گیت گاتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کی بات کرنے والے پہلے اپنی پارٹیوں سے کرپشن ختم کریں ۔دائیں بائیں آف شور کمپنیوں کے مالکوں کو کھڑا کرکے کرپشن کے خاتمہ کے دعوے عوام کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش ہے ۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی آواز کوپنجاب کے گلی کوچوں تک پہچائیں گے اور ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی تحریک کی کامیابی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔

مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور اور ناظم اجتماع ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ لاہور کرپشن مٹائو پاکستان بچائو تحریک کا مرکزبنے گا لاہور سے جن قومی تحریکوں کا آغاز ہوا وہ کامیابی سے ہمکنار ہوئیں ٬تحریک پاکستان کی کامیابی میں زندہ دلان لاہور کا نمایاں حصہ تھا ہم سینیٹر سراج الحق کو یقین دلاتے ہیں کہ لاہور کے عوام ان کی کال پر جانیں نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں۔

جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل نے کہا کہ نوجوان کرپشن فری پاکستان تحریک کے ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے ۔قوم کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے ٬معاشرے میں نوجوانوں کی 65فیصد تعداد ہے ٬نوجوان کسی بھی تحریک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور جس تحریک میں نوجوان شامل ہوجائیں اسے کوئی طاقت کامیابی سے نہیں روک سکتی ۔