میاں محمود الر شید آج پنجاب بھر میں نافذ دفعہ144 لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے

قومی سلامتی کی خبر فراہم کرنے والوں کے نام ای سی ایل فہرست میں شامل کیا جائے‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب بھر میں نافذ کئے گئے قانون دفعہ144کو آج بروز ( سوموار ) کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرے گا ۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے پارٹی کی خاتون رکن ڈاکٹر یاسمین راشد اور حافظ ذیشان رشید کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئی مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی کی خبر فراہم کرنے والوں کے نام ای سی ایل فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ قوم اور ملک کے یہ مجرم ملک سے فرار نہ ہو سکیں اور اگر اس سٹوری کے پیچھے وزیر اعظم ہائوس سے ہدایت ملوث پائی گئی تو یہ تشویشناک بات ہوگی کیو نکہ یہ سٹوری مکمل طو ر پر دشمن ممالک کے بیانات کی عکاسی کرتی ہے۔

میاں محمود الر شید نے پی ٹی آئی کی جانب سے کل موٹر و ے پر ہونے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت یہ دعوی کر رہی ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس کچھ بھی نہیں ہے جبکہ دوسری طرف حکومت پورے پنجاب میں رکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کی جدو جہد سے بوکھلا چکی ہے اورغیر قانونی کام کرتی چلی جا رہی ہے۔

انہوں نے موٹر وے پر پاک فوج کے ایک کرنل کی شہادت اور ایک میجر کے زخمی ہونے کے واقعہ پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کرنل کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے راستوںپر کنٹینر کھڑی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ حکومت غیر قانونی کام کر رہی ہے٬ اگر2نومبر کو تحریک انصاف کے کارکنان کو اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو لاہور میدان جنگ بن جائے گا۔ میاں محمود الر شید نے خاتون اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی پی ٹی آئی کارکن سماویہ طاہر کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل کا اعلان کیا۔