ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے لئے ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ

اتوار 30 اکتوبر 2016 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری٬ جامعہ کراچی کی پی ایچ ڈی کی طالبہ ہما بانو بین الاقوامی سائنٹیفک یونین ’’انٹرنیشنل یونین آف کریسٹیلو گرافی (آئی یوسی آر)‘‘ کی جانب سے آئی یوسی آر ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ کے لئے اہل قرار پائی ہیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق انٹرنیشنل یونین آف کریسٹیلو گرافی نے ہما بانو کو یہ اعزاز 15 تا 20 اکتوبر 2016ء کو لاہور میں کریسٹیلو گرافی ایکسرے پر منعقدہ اپنی دوسری بین الاقوامی ورکشاپ میں ایک سرٹیفیکٹ کی صورت میں دیا ہے۔

ہما بانو ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری٬ جامعہ کراچی میں پی ایچ ڈی کی طالبہ ہیں اور ڈاکٹر ثمر یوسف کے تحقیقی گروپ سے منسلک ہیں۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر٬ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن اور بین الاقوامی مرکز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ہما بانو کو اُن کی کامیابی پرمبارکباد پیش کی ہے۔