ترک حکام نے دس ہزار سے زائد سرکاری ملازمین برخاست کیے

اتوار 30 اکتوبر 2016 14:40

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) ترکی میں جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد حکومتی اقدامات اور تفتیش کے نتیجے میں دس ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کو برخاست کیا گیا ہے۔ انقرہ حکومت کو شبہ ہے کہ برخاست کیے گئے ملازمین امریکا میں مقیم جلاوطن مبلغ فتح اللہ گولن کی تحریک کے ساتھ رابطہ رکھتے تھے۔

(جاری ہے)

برخاست کیے جانے والوں میں ماہرینِ تعلیم٬ ٹیچرز اور محکمہ صحت کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ یہ برخواستگی ملک میں نافذ ایمرجنسی قانون کے تحت کی گئی ہے۔ ملازمتوں سے فارغ کیے گئے ملازمین کے نام سرکاری گزٹ میں بھی شائع کر دیے گئے ہیں۔ ناکام بغاوت کے بعد سینتیس ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ایک لاکھ کے قریب ملازمین معطل ہیں۔