ملیحہ لودھی کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی فوجی جارحیت اور نہتے کشمیریوں پر بدترین ریاستی تشدد کی مذمت

پاکستان مقبوضہ کشمیرکے عوام کی جدوجہد کو اجاگرکرنے کیلئے سیاسی اور سفارتی سطح پر اقدامات کررہا ہے ٬ْخطاب

اتوار 30 اکتوبر 2016 13:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی فوجی جارحیت اور نہتے کشمیریوں پر بدترین ریاستی تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرکے عوام کی جدوجہد کو اجاگرکرنے کیلئے سیاسی اور سفارتی سطح پر اقدامات کررہا ہے ٬ بین الاقوامی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیرکے عوام پر بھارتی ظلم وستم کی طرف مبذول کرانے اوربھارت پر دبائو ڈالنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔

وہ نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہاں پاکستان ہائوس میں یوم سیاہ کی ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے ارکان کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام پر بھارتی جارحیت اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانے کے حوالے سے پاکستان بین الاقوامی برادری کی توجہ اس اہم مسئلہ کی طرف مبذول کرانے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 170 دن تک کرفیوبھارت کیلئے باعث شرم ہے ٬ اس دوران اب تک 115کشمیری جام شہادت نوش کرچکے ہیں جبکہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہیں٬ بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال سے 150سے زائد کشمیری مستقل طور پر بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت اورمشورے پر اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم محمد نواز شریف کے خطاب سے کشمیریوں کی جدوجہد کو نئے سرے سے اجاگر کیاگیا٬ وزیراعظم پاکستان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی موثر طور پر وکالت کی اور بین الاقوامی برادری کی توجہ اس اہم مسئلہ کی طرف مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن نے وزیراعظم کی اس اہم تقریر کے بعد عالمی ادارے کے تمام فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کو اجاگرکرنے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صرف آج کا دن مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ نہیں ہے ٬مقبوضہ کشمیر میں ہر دن یوم سیاہ ہوتا ہے کیونکہ وہاں پر بھارتی افواج کا قبضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان سفارتی سطح پر تنہا نہیں ہے جو لوگ اس طرح کی باتیں کررہے ہیں وہ درحقیقیت عوام کا حوصلہ پست کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ نے حال ہی میں ایک قرارداد کی منظوری دی جس میں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کا ذکر کیا گیا۔ انہوں نے امریکا میں کام کرنے والے پاکستانی اورکشمیری ڈاکٹروں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی جارحیت کا شکار ہونے والے کشمیریوں کے علاج معالجے کیلئے رضا کارانہ بنیادوں پرکام کریں٬ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے ساتھی امریکی شہریوںکوبھی مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کریں تاکہ یہ مسئلہ زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :