سیکورٹی خدشات ٬ امریکا نے استنبول میں اپنے سفارتی عملے کے اہلخانہ کو وطن واپس آنے کی ہدایت کردی

اتوار 30 اکتوبر 2016 13:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2016ء) امریکا نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر استنبول میں اپنے قونصل خانے کے اہل کاروں کے اہلخانہ کو وطن واپس آنے کی ہدایت کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے استنبول میں اپنے قونصل خانے کے اہل کاروں کے اہل خانہ کو فوری طور پر ترکی سے کوچ کر جانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ انتباہی اقدام ان شدت پسند گروپوں کے سبب کیا گیا ہے جو امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ایک ہفتے کے دوران امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ دوسرا انتباہ ہے جو اس نے ترکی میں امریکی شہریوں کے لیے جاری کیا ہے اور یہ دہشت گرد جماعتوں کے بڑھتے ہوئے خطری کے حوالے سے امریکا کے اندیشوں کی عکاسی کرتا ہے۔گزشتہ پیر کو امریکی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کے لیے ہدایت جاری کی تھی کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر" ترکی کا سفر کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچ لیں۔

(جاری ہے)

امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے دونوں انتباہات میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور غیرملکی سیاح واضح طور پر ترکی میں موجود بین الاقوامی اور مقامی دہشت گرد تنظیموں کا ہدف ہیں۔ترکی میں صدر رجب طیب ارددگان کا تختہ الٹنے کی کوشش اور انقرہ کی جانب سے اپوزیشن رہ نما فتح اللہ گولن کو حوالے کیے جانے کے مسلسل مطالبات کی وجہ سے امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات متاثر ہوئے ہیں۔ امریکی حکام یہ باور کرا چکے ہیں کہ یہ فیصلہ عدلیہ سے متعلق ہے۔فتح اللہ گولن انقلاب کی ناکام کوشش سے اپنے کسی بھی تعلق کی تردید کرتے ہیں۔