سکولی عمارات کی آتشزدگی بھارتی ایجنسیوں کی کارستانی ہے‘ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

اتوار 30 اکتوبر 2016 13:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میںجماعت اسلامی نے سکولی عمارات کی مسلسل آتشزدگی کو بھارتی ایجنسیوںکی منصوبہ بندسازش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامقصد جموں وکشمیر میں بھارتی فوسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹاناہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عوام سے تعلیمی اداروں کو نذر آتش کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔

انہوں نے عوام پر زوردیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تعلیمی اداروں کی حفاظت کے لیے سامنے آئیں۔ ترجمان نے کہا کہ موجودہ پرامن عوامی احتجاجی تحریک کے دوران سکولوں کو نذر آتش کرنا بلا شبہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز ضلع کولگام اور اور آج صبح ضلع اسلام آباد میں مزید دو سکولی عمارات کو نذر آتش کیا گیا ۔

ترجمان نے کہا کہ موجودہ پرامن تحریک کی وجہ سے بھارت کا مفافقانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے اور بھارتی حکمران بوکھلا گئے ہیں کیونکہ وہ اپنے فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کے مستقبل پر سینہ کوبی کرنے والے کٹھ پتلی حکمرانوں کو کشمیری نوجوانوں کو پیلٹ اور گولیوں سے چھلنی کرتے وقت انسانیت یاد کیوں نہیں آتی ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت تمام عالمی اداروںسے اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشمیر میں جاری جنگی جرائم سے روکنے کے لیے آگے آئیں اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں جو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔