مقبوضہ کشمیر ٬بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید٬ یاسین ملک4ماہ بعد جیل سے رہا

سینکڑوں کشمیریوں کا بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ ٬ بھارتی فورسزکی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کشمیری نوجوان گرفتار

اتوار 30 اکتوبر 2016 12:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک اور کشمیر ی کو شہید کردیا جبکہجموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک کو قابض بھارتی فوج نے 4 ماہ بعد رہا کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ایک اور کشمیری نوجوان بھارتی جارحیت کا شکار ہوگیا ہے۔ 8جولائی سے اب تک 110سے زائد کشمیری شہید ہوئے ہیں۔

مقبوضہ وادی میں ایک سو تیرہویں روز بھی کشیدگی برقرار رہی٬ ضلع کپواڑہ میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔سیکڑوں کشمیریوں نے بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا٬ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین اور حریت رہنما یاسین ملک کو 4 ماہ بعد رہا کردیا گیا ہے۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے یاسین ملک کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سینٹرل جیل میں قید حریت رہنما کو گزشتہ شام رہا کیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر بھی پہنچ گئے ہیں۔حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی قابض فوجیوں نے رواں برس 8 جولائی کو گرفتار کیا تھا اور انہیں بیماری کے دوران غلط انجیکشن لگانے کا بھی انکشاف ہوا تھا جس کی وجہ سے ان کے بازو میں انفیکشن ہو گیا تھا۔ یاسین ملک سورا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج تھے جہاں سے انہیں گزشتہ روز سینٹرل جیل منتقل کیا گیا۔