جیمز بونڈ خفیہ جاسوس نہیں بن سکتا٬ برطانوی انٹیلی جنس چیف

اتوار 30 اکتوبر 2016 12:40

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء)فلمی دنیا میں جیمز بونڈ کا نام ان شہرہ آفاق کرداروں میں ہوتا ہے جو دنیا کو حادثات اور مصائب سے بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر برطانوی انٹیلی جنس ادارے’ایم آئی 6‘ کے سربراہ الیکس ینجر نے کہا ہے کہ 007 ایجنٹ برطانیہ کا جاسوس نہیں بن سکتا۔ برطانوی انٹیلی جنس چیف ’ایم آئی 6‘ کے سربراہ الیکس ینجر کا ایک تازہ انٹرویو برطانوی ویب پورٹل ’’بلاک ہسٹری مانتھ‘‘ نے شائع کیا ہے۔

اس انٹرویو میں ینجر کا کہنا ہے کہ ایک جاسوس میں سخت ترین اخلاقی اور جسمانی چیلنجز سے نمٹنے اوردنیا کے انتہائی مشکل ماحول میں زندگی گذارنے کی صلاحیت ہونا ضروری ہے مگر کوئی فلمی شخصیت بھلے وہ فلموں میں خفیہ جاسوسی کے مناظر کی اداکاری کرنے میں ماہر ہوعملی طور پر جاسوس نہیں بن سکتا کیونکہ وہ ایسی اخلاق اور جسمانی صلاحیت کی ڈھال سے محروم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

الیکس ینجر کا کہنا ہے کہ ’ایم آئی 6‘ یا کسی بھی دوسرے جاسوسی ادارے سے وابستہ شخصیات مختصر اخلاقی سفر طے نہیں کرتے۔ اس لیے یہ کہنا ممکن نہیں جیمز بونڈ برطانوی خفیہ ادارے میں خفیہ جاسوس رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ایم آئی 6‘ کے جاسوسوں میں جس درجے کی بہادری٬ ہمت اور ثابت قدمی ہونی چاہیے ان سے جیمزبونڈ محروم ہے۔ کامیاب جاسوسی فلموں ’گولڈ فنگر‘‘٬ ڈکٹورنو‘‘ اسکائی فول اور ‘اسپیکٹر‘‘ میں کام کرنے والے عملی میدان میں جاسوسی نہیں کرسکتے۔