موصل میں جاری آپریشن منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا٬ حیدر العبادی

اتوار 30 اکتوبر 2016 12:40

بغداد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2016ء) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ موصل میں داعش کے قبضے کے خلاف جاری فوجی آپریشن روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور موصل معرکے کو اس کے منطقی انجام تک ہرصورت میں پہنچایا جائے گا۔العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق موصل جنگ روکے جانے سے متعلق بات کرتے ہوئے عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ اس قسم کی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں کہ موصل میں جنگ روک دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

موصل آپریشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موصل میں لڑائی بدستور جاری ہے اور عراقی فوج نے داعش کے قبضے سے کئی اہم علاقے خالی کرالیے ہیں۔ جب تک نینویٰ کا سارا علاقہ داعش سے آزاد نہیں ہوجاتا جنگ جاری رہے گی۔قبل ازیں عراق کی فیڈرل پولیس چیف میجر شاکر جودت نے ’الحدث‘ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس نے جنوبی موصل میں داعش کے زیرقبضہ ایک سرکاری عمارت کا کنٹرول سنھبال لیا ہے اور اب عمارت پر عراقی پرچم لہرا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس فرارہونے والے داعشی دہشت گردوں کا تعاقب کررہی ہے۔