ایران نواز عراقی شیعہ ملیشیا اتحاد کا شام جا کر داعش کے خلاف لڑنے کا اعلان

ہمارے جنگجو شامی صدر بشار الاسد کی حمایت میں اپوراپوزیشن کیخلاف لڑیں گے٬احمد الاسدی کی پریس کانفرنس

اتوار 30 اکتوبر 2016 11:50

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) ایران نواز عراقی شیعہ ملیشیا گروپوں کے اتحاد الحشد الشعبی نے کہا ہے کہ اس کے جنگجو سرحد پار کر کے شام جا کر صدر بشار الاسد کی فوجوں کے شانہ بشانہ شامی باغیوں اور جہادیوں کے خلاف لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الحشد الشعبی کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ ملیشیا اتحاد عراق سے دہشت گرد گروہ یا داعش کا صفایا کرنے کے بعد اپنے فائٹرز کو عراقی سرحد کے پار شام بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے٬ جو وہاں شامی صدر بشار الاسد کی حمایت میں لڑیں گے۔

(جاری ہے)

بغداد سے آمدہ رپورٹوں میں اس ملیشیا اتحاد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عراق میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف حتمی عسکری کامیابی کے بعد اس ملیشیا اتحاد کی٬ جس کے نام کا مطلب عوام کو تحریک دینے کا عمل ہے٬ شامی تنازعے میں اسد نواز دھڑے کے طور پر مسلح شرکت کو باقاعدہ ایک شکل دے دی جائے گی۔ عراقی دارالحکومت میں الحشد الشعبی کے ترجمان احمد الاسدی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنی سرزمین کو ان تمام دہشت گرد گروہوں سے پاک کرنے کے بعد ہم اس بات پر بالکل تیار ہیں کہ کسی بھی دوسری جگہ جا کر وہاں سے اٹھنے والے عراق کی قومی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے خطرے کا قلع قمع کریں۔