ڈ ی جی خان ڈویژن میں 33 ارب روپے سے زائد کے منصوبوں پر کام جاری ہے‘ایڈیشنل کمشنر

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 23:02

ڈی جی خان ۔29اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں مالی سال 2016-17کے دوران 40ارب 41کروڑ 16لاکھ روپے مالیت کے 1761منصوبوں پر کام کیا جارہاہے اور 53فیصد سے زائد کام مکمل کر لیاگیاہے‘یہ بات کمشنر کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیاء اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ انعم حفیظ نے سرکٹ ہا ئوس میں ایک اجلاس کے دوران بتائی۔

انہوںنے بتایاکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 33٬ ارب 75کروڑ 80لاکھ روپے سے 282منصوبوں پر کام کیا جا رہاہے۔وزیر اعلی پنجاب کے پیکج کے تحت جام پو رسٹی میں ایک ارب 26کروڑ 68لاکھ روپے سے 11منصوبو ں ٬ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت تین ارب 20کروڑ 30لاکھ روپے سے 22منصوبوں ٬ پاک ملینیم ڈویلپمنٹ گولز پروگرام کے تحت 53کروڑ96لاکھ روپے سے 492منصوبوںپر کام کیاجارہاہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیاء نے بتایاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں خطرناک قرار دی جانے والی سکولوں کی خستہ حال عمارتو ںکوگرا کر از سر نو تعمیر کیاجارہاہے اور مالی سال 2016-17کے تحت 341منصوبوں پر 90کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی جائے گی۔تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے 565منصوبوں پر 59کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے 36منصوبوں پر چھ کروڑ 18لاکھ 64ہزار روپے خرچ کیے جائیں گے۔

ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ انعم حفیظ نے بتایا کہ ڈیر ہ غازیخان ڈویژن میں ضلعی و تحصیل صدر ہسپتالوں کے تعمیراتی کام کے 12منصوبوں پر آٹھ کروڑ 96لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ منصوبوں کی مقررہ معیاد کے اندر تکمیل کیلئے موقع پر نگرانی کی جارہی ہے ․ میٹریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔