دہشتگردی کے تمام واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی نا اہلی ہے٬ ایم ڈبلیو ایم ملتان

دہشتگردی کا واقعہ وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے کالعدم جماعتوں کو دی جانے والی کھلی چھوٹ کا نتیجہ ہے٬کراچی میں مجلس عزاء پر فائرنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا مظاہرہ٬ کالعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 22:47

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام کراچی میں مجلس عزاء پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے واقعے کے خلاف چوک نواں شہر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا٬ مظاہرے کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی٬ محمد عباس صدیقی٬ علامہ غلام جعفر انصاری٬سید ندیم عباس کاظمی٬ مہر سخاوت علی اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے کی۔

مظاہرین نے کراچی واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سندھ حکومت سے دہشت گردوں کی گرفتاری کامطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ کراچی میں مسلسل واقعات میں عزاداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے٬ کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی بجائے حکومت اُن کی سرپرستی کررہی ہے٬ پاکستان حکومت عزاداروں کو سیکیورٹی دینے میں مسلسل ناکام ہوچکی ہے٬ اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ کرکے کالعدم جماعت کو جلسے کا فری ہینڈ دیا٬ پورا پاکستان چیخ رہا ہے لیکن وزیرداخلہ دہشتگردوں کے سرپرستوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی بجائے سرپرستی کررہی ہے٬ محرم الحرام میں مجلس عزا پر دہشتگردی کا یہ چوتھا بڑا واقع ہے٬ دہشتگردی کے تمام واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی نا اہلی ہے٬ دہشتگردی کا واقعہ وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے کالعدم جماعتوں کو دی جانے والی کھلی چھوٹ کا نتیجہ ہے۔ وفاقی حکومت کالعدم جماعتوں کے ساتھ خفیہ ملاقاتوں کے بجائے آپریشن کا آغاز کریں۔

متعلقہ عنوان :