سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر متحد ہو کر دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوششیں کررہی ہیں٬ نواب ثناء اللہ زہری

دہشت گرد ہمارے بیٹوں کو ہم سے چھین کر ہمیں جھکانا چاہتے ہیں لیکن ہمارے جوانوں نے منہ توڑ جواب دیکر اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھا ہے٬ وزیراعلیٰ کا شہداء کی یاد میں سینٹرل پولیس آفس کے قریب شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے اظہار خیال

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر متحد ہو کر دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوششیں کررہی ہیں دہشت گرد ہمارے بیٹوں کو ہم سے چھین کر ہمیں جھکانا چاہتے ہیں لیکن ہمارے جوانوں نے منہ توڑ جواب دیکر اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھا ہے پاک فوج فورسز سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے جانوں کے نذرانے دیئے ہیںشہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ان خیالات کا اظہار سانحہ پولیس ٹریننگ کالج کے شہداء کی یاد میں سینٹرل پولیس آفس کے قریب شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ‘ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب ‘ چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چھٹہ ‘ صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ‘ اراکین اسمبلی ثمینہ خان ‘ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی ‘ ایڈیشنل آئی جی ایوب قریشی ‘ ایڈیشنل آئی و بی سی کمانڈنٹ ڈاکٹرمجیب الرحمان ‘ ریجنل پولیس آفیسر و ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ ‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات دائود بڑیچ ‘ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر اکبرحریفال سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ سول و عسکری اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ زندہ قومیں ہی قربانی کی اہل ہوتی ہیں جس طرح پاک فوج فرنٹیئر کور ‘ پولیس ‘ بی سی ‘ لیویز سمیت ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ہمیں ان کی قربانی پر فخر ہے پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کی جانب سے پولیس ٹریننگ کالج پر ہونے والے حملے کے دوران فوج کے افسران اور جوانوں نے اپنی جانیں قربان کرکے سینکڑوں بلوچستان کے نوجوانوں کی جانیں بچائی ہیں جو قابل فخر بات ہے اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض خود آپریشن کی نگرانی کرتے رہے جس سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے کیونکہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جاتی ہمارے جوان داد کے مستحق ہیں جنہوں نے متحد ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں نے چوروں کی طرح وار کیا لیکن جوانوں نے سینوں پر گولیاں کھاکر مقابلہ کیا انہوں نے کہاکہ ہم پر مسلط کی گئی جنگ میں دشمن کو شکست دیں گے اور دشمن کو جلد ڈھونڈ نکالیں گے کیونکہ دشمن پاکستان کو ایران اور شام بنانا چاہتے ہیں لیکن پاک فوج انہیں متحد ہو کر ہرمیدان میں ناکام بنانے کی کوشش کررہی ہے قوم اور اداروں میں اتحاد و یکجہتی برقرار ہے جس کی وجہ سے ہمیں نقصان نہیں پہنچ سکتا وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے قدموں کے نشانات جہاں جارہے ہیں ہمیں معلوم ہیں جہاں پر بھی دشمن چھپا ہوگا اسے کھینچ نکالیں گے کیونکہ ہماری عوام اور فورسزنے 70 ہزار جانیں قربان کی ہیں جس کی وجہ سے فورسز دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں تقریب میں شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی اور ان کی یاد میں شمعیں روشن کیں ۔

متعلقہ عنوان :