میگا پراجیکٹس کو مکمل کرنے کیلئے قومی تعمیر نو کے محکموں کو ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے‘ ڈی سی او

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:13

ملتان۔29 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر و ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ رواں برس تمام میگا پراجیکٹس کو مکمل کرنے کے لئے قومی تعمیر نو کے محکموں کو ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب جلد ہی دورہ ملتان کے موقع پر ملتان میٹرو بس منصوبے سمیت تمام میگا پراجیکٹس کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے سرکاری سکولوں میں واٹر پیوریفکیشن پلانٹس سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنایا جارہا ہے تاکہ معیار تعلیم بلند کیاجاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہائوس میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی حاجی احسان الدین قریشی نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرضلع ملتان کے تمام اراکین اسمبلی اور ضلعی آفیسران بھی موجود تھے۔ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ملتان میں 154ملین کی لاگت سے شجاع آباد میں بوائز ڈگری کالج کی تعمیر اور مظفر آباد میں بھی ڈگری کالج تکمیل کے قریب ہے۔اسی طرح15ملین کی لاگت سے موضع عنایت پور میں واٹر سپلائی٬ریسکیو1122بستی کھوکھراں کے دفتر کے لئی20ملین روپے رکھے گئے ہیں ۔

دسمبر سے قبل تمام ترقیاتی سکیموں کو ہرصورت مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی جانب سے دی گئی ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے تمام محکمے دن رات کام کریں تاکہ عوام کو براہ راست ریلیف دیا جاسکے۔نادر چٹھہ نے کہا کہ 10کروڑ کی لاگت سے شہر کی100سرکاری سکولوں میں واٹرپیوریفکیشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں جن سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی و ایم پی اے حاجی احسان الدین قریشی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب ملتان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ 32ارب روپے کے میگا پراجیکٹس کے تحت ملتان میٹرو بس منصوبہ پایہ تکمیل پاچکا ہے۔صحت و تعلیم کے شعبے میں بھی بے پناہ انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔بعدازاں محکمہ پلاننگ اینڈ فنانس کی جانب سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔