کھادوں کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے‘ حسین سردار

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:13

ْملتان۔29 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)کھادوں کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے‘ اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب حسین سردار نے ڈی سی او آفس میں زرعی ٹاسک فورس کے سلسلہ میںمنعقدہ میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن زاہد اکرام٬ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت شفقت حسین بھٹی٬ ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد٬ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ چوہدری محمد فاروق ٬ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) چوہدری نصیر احمد٬ ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ خالد محمود بھٹہ٬ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں ٬سپیشل برانچ اورپراسیکیوشن کے افسران سمیت پی سی پی اے٬کراپ لائف اورکسان تنظیموںکے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر کھادوں کی فروخت کرنے والے عناصر کیخلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کھادوں اور زرعی ادویات کے تھانوں اور عدالتوںکی سطح پر زیرالتواء مقدمات کی پیروی کے عمل کو تیز کریںاور انہیں جلد نمٹانے کیلئے پراسیکیوشن اور پولیس کے ساتھ لائزان بڑھائیں۔پیسٹی سائیڈ سیمپلنگ کے بارے میں انہوں نے انسپکٹرز کو ہدایات دیں کہ کسی کمپنی اور پراڈکٹ کے امتیاز کے بغیر سیمپلنگ کے عمل کو جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی ٹاسک فورس کی میٹنگ کا مقصد کھادوں اور زرعی ادویات کی قیمتوں ٬معیار اور دستیابی کے متعلق معاملات اور ان کے حل کے بارے میںلائحہ عمل طے کرنا ہے نیز کاشتکاروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا اور ان کے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرناشامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق ڈی اے پی کھاد کی قیمت 2500روپے فی بوری فروخت کو یقینی بنایا جائے۔

قیمت زیادہ وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور مقررکردہ نرخوں پر کھاد فروخت کرنے والوں کو بلا وجہ پریشان نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے زراعت افسران کوپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات دئیے ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ کھادوں کی زائد قیمت وصول کرنیوالے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے جرمانہ کریںمزید براںان کیخلاف فرٹیلائزر کنٹرول آرڈر کے تحت مقدمات مقدمات درج کروائیں۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن زاہد اکرام نے کہا کہ تھانوں اورعدالتوں میںزیرالتواء مقدمات کی پیروی کیلئے محکمہ زراعت فوکل پرسن مقرر کرے جس کا متعلقہ محکموں کیساتھ لائزان بڑھانے کیلئے ضلعی انتظامیہ بھر پور تعاون کرے گی۔بعدازاں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت نے انڈسٹریل اسٹیٹ میں مختلف کمپنیوں کے فارمولیشن پلانٹس اور ویئر ہائوسز کا معائنہ کیا اور قصبہ مڑل میں کھادوں اور زرعی ادویات کی دکانوں کا دورہ کیا وہاں پر موجود کاشتکاروں سے بھی گفتگو کی۔