ڈی سی او کی زیر صدارت روڈمیپ کی ڈسٹرکٹ ریویوکمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:10

بھکر۔29 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء) ڈی سی او احمد مستجاب کرامت نے ضلعی محکمہ تعلیم کے انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پر حسب اہداف عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کارکردگی کاعمدہ معیار برقراررکھاجائے۔انہوں نے یہ بات زوردے کرکہی کہ ایجوکیشن منیجرز اورڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس کے مابین کوآرڈی نیشن کو مزید بہتر بنایاجائے۔

ڈی سی او نے یہ ہدایات مذکورہ روڈمیپ کی ڈسٹرکٹ ریویوکمیٹی (ڈی آرسی)کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیںجس میں ضلعی محکمہ تعلیم کے انتظامی افسران٬ڈی ایم اواور ڈی ٹی ایس سی ہیڈنے شرکت کی۔ڈی سی او احمد مستجاب کرامت نے ایجوکیشن منیجرز کو تاکیدکی کہ کمزور انتظامی کارکردگی کا باعث بننے والے عوامل کافوری اورموثر تدارک یقینی بنایا جائے اور ہرسطح پر مزید بہتری کے عمل کو مقررہ ترجیحات کے ہم پلہ بنایاجائے تاکہ کارکردگی کے اعتبار سے ضلع کو بہترین رینکنگ میں لایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپروائزری سسٹم کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا خصوصاًاے ای اوز کوحکم دیا کہ انتظامی امور کو نچلی سطح سے مربوط بناکر اچھی کارکردگی کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کی جائے۔قبل ازیں ڈی سی او کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایم او نے مانیٹرنگ رپورٹس کی تفصیل واضح کی۔ڈی سی او نے مانیٹرنگ رپورٹس کے تفصیلی جائزہ کے دوران اس امر کی خصوصی تاکید کی کہ محکمہ تعلیم کے انتظامی افسران٬سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ احسن اشتراک سے کام کریں تاکہ کسی سطح پر کارکردگی کا معیار کمزور نہ ہونے پائے۔