آصف زرداری کی دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین المذاہب آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ اپنے دیوالی کے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ وہ تمام ہندوئوں کواپنی اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا یہ عزم ہے کہ وہ مذہبی جنونیت اور منافرت کے خلاف لڑتی رہے گی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی اقوام متحدہ کی ان قراردادوں کی حمایت اور عزت کرتی ہے جن میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقلیتوں کے حقوق کی اسی طرح حفاظت کرتی رہے گی جس طرح قائداعظم محمد علی جناح اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیں اقلیتوں کا احترام کرنے کی تعلیم دی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہندو اور تمام دیگر اقلیتیں پاکستان میں برابر کی شہری ہیں اور ان کے حقوق بھی برابر کے ہیں۔

متعلقہ عنوان :