ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی وزیر اعظم کی ہدایت پر جمعہ کو اپوزیشن کی ہڑتال کے دوران وفات پا جانے والے بچے محمد ابو بکر کے گھر آمد‘ بچے کی ناگہانی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا‘ وزیر اعظم کی طرف سے بچے کے لواحقین کیلئے دس لاکھ روپے کا اعلان

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 20:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری وزیر اعظم کی ہدایت پر جمعے کو اپوزیشن کی ہڑتال کے دوران وفات پا جانے والے بچے محمد ابو بکر کے گھر گئے اور بچے کی ناگہانی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کی طرف سے بچے کے لواحقین کیلئے دس لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

وزیر مملکت نے واقعہ کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ شہر میں بے امنی پھیلانے والے احتجاج کے نام پر شہر کو بند نہ کریں ٬ شہریوں اور ان کے بچوں پر رحم کریں ٬ انہیں پرامن زندگی گزارنے کی اجازت دیں ٬ شہری ان شر پسندوں کے ایجنڈے میں شامل نہیں٬ انھیں نارمل زندگی گزارنے کا حق دیا جائے ۔اسلام آباد اور پنڈی کو بند کر کے مزید لوگوں اور ان کے بچوں کی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر مملکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہتی لیکن اسے حکومت کی مجبوری نہ سمجھا جائے ٬ کسی کو شہر بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے٬ حکومت شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے گی۔اس موقع پر بچے کے والد طاہر خان نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید کا کوئی نقصان نہیں ہوا ٬ بیٹا تو میرا گیا ٬ میں ان سے کہوں گا کہ آخر اسمبلی کس لئے ہی آپ کیوں سڑکوں پہ فیصلے کر رہے ہیں فیصلے سڑکوں پہ ہی کرنے ہیں تو اسمبلی کو گرا کر کرکٹ گرائونڈ بنا دیں۔

متعلقہ عنوان :