قومی سماجی اقتصادی رجسٹری فلاحی پروگراموں کی تشکیل کیلئے ایک اہم ایک قومی اثاثہ ہے٬ ماروی میمن

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 20:46

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ماروی میمن نے کہا ہے کہ قومی سماجی اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر) فلاحی پروگراموں کی تشکیل کیلئے ایک اہم قومی اثاثہ ہے٬ اپڈیٹ ڈیٹا بی آئی ایس پی کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری محکموں کے مالی معاونت٬ پیشہ ورانہ تربیت٬ مائیکرو فنانس٬ تعلیم اور صحت کے پروگراموں کی منصوبہ بندی اور تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر اور نصیر آباد کے دورے کے دوران کیا جہاں بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کیلئے رجسٹریشن ڈیسکس قائم کئے گئے تھے۔ ماروی میمن نے کہا کہ این ایس ای آر اپڈیٹ کیلئے نیا غربت سروے ملک کے ہر کونے میں کیا جائے گا جس کے تحت سماجی و معاشی اشاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام گھرانوں کا اندراج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے غربت سروے کے ابتدائی مرحلے میں پاکستان بھر سے 16 اضلاع کو شامل کیا جائے گا۔

سروے کا آغاز جون 2016ء میں ہری پور سے کیا گیا جس کے بعد ستمبر 2016ء میں بہاولپور اور اکتوبر 2016ء میںسکھر اور نصیر آباد کا سروے کیا جارہا ہے۔ ان اضلاع میں ڈیسک اپروچ (از خود رجسٹریشن) کے عمل کو اپنایا گیا ہے۔ سکھر میں 36مراکز میں 113کائونٹرز قائم کئے جا چکے ہیں جہاں 1,74,851گھرانوں کا اندراج متوقع ہے جبکہ نصیر آباد میں 10مراکز میں30,532گھرانوں کے اندراج کیلئے 18کائونٹرز قائم کئے گئے ہیں ۔

اب تک 4,683گھرانوں کا سکھر میں اور 1,781گھرانوں کا نصیر آباد میں اندراج کیا جاچکا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بی آئی ایس پی دنیا کی بہترین سماجی و اقتصادی رجسٹری کے قیام کیلئے تمام کوششیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحقین کی پروگرام میں شمولیت اور اخراج کی غلطیوں پر قابو پانے کیلئے اعداد و شمار کے اندراج کیلئے کاغذ کی بجائے کمپیوٹرائزڈ نظام کو اپنایا جائے گا۔

سروے کی درستگی کی تصدیق شفاف عمل کے ذریعے بھرتی کی جانے والی آپریشن ریویو فرمز کے ذریعے کی جائے گی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے رجسٹریشن مراکز کا معائنہ کیا اور عوام کی رائے جانے کیلئے ان سے بات چیت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اندراج کے عمل میں لوگوں کی مدد کریں۔انہوں نے لوگوں کو آگاہ کیا کہ وہ کسی شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کے ہاٹ لائن نمبر 0800-26477پر رابطہ کریں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ سروے کی موثر اور بروقت تکمیل کیلئے لاجسٹکس ٬ سکیورٹی اور سماجی تحریک کے معاملے میںمقامی حکومت کا تعاون بہت اہم ہے۔ دوبارہ سروے کیلئے٬ غربت سکور کارڈ پر نظر ثانی کی جاچکی ہے اور دو طریقہ کاروں ڈیسک اپروچ اور گھر گھر سروے کو اپنایا گیا ہے تاکہ کوئی مستحق گھرانہ سروے میں نہ چھوٹ جائے۔ دیگر 12اضلاع جہاں گھر گھر سروے کو اپنایا جائے گا ان میں جیکب آباد٬ ٹھٹھہ٬ مہمند ایجنسی٬ گلگت٬ میر پور٬ لیہ٬ چکوال٬ فیصل آباد٬ کچھ٬ قلعہ سیف اللہ٬ لکی مروت اور چارسدہ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :