کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے انفرااسٹریکچر کی تباہی

میونسپل کارپوریشن ضلع شرقی میں قائد حزب اختلاف ذوالفقار علی قائم خانی کی مذمت

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 20:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور میونسپل کارپوریشن ضلع شرقی میں قائد حزب اختلاف ذوالفقار علی قائم خانی نے کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے انفرااسٹریکچر کی تباہی پر کے الیکٹرک کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کوئی عام شہری سڑک پر کھدائی کرے تو نہ صرف اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے اور بھاری جرمانے سمیت جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھی ڈال دیا جاتا ہے جبکہ متعلقہ میونسپل کارپوریشن سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کیلئے اسے روڈ کٹنگ چارجز ادا کرنا پڑتے ہیں لیکن کے الیکٹرک غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ تو متعلقہ میونسپل کارپوریشن سے اجازت لیتی ہے اور دھڑلے سے جب اور جہاں چاہئے سڑکوں پر کھدائی کر کے شہر کا انفرااسٹریکچر تباہ کر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چونکہ کے الیکٹرک وفاق کے زیر انتظام بھی نجی کمپنی ہے لہذا سندھ حکومت اور شہر کی میونسپل کارپوریشنز اس حوالے سے وفاق سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ روڈ کٹنگ چارجز کی مد میں کے الیکٹرک کے ذمہ واجب الادا رقوم فوری طور پر متعلقہ میونسپل کارپوریشن کو دلوائے جائیں بصورت دیگر کے الیکٹرک سمیت کسی بھی وفاقی ادارے کو کراچی کا انفرااسٹریکچر تباہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔#

متعلقہ عنوان :