ضلع مردان میں قومی وطن پارٹی کو شدید دھچکا٬پی کے 26 کے چیئرمین اپنی کابینہ اور تمام یونین کونسلوں کے 120سے زائد عہدیداروں سمیت بنیادی رکنیت اور عہدوں سے احتجاجاًً مستعفی

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 19:57

تخت بھائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) ضلع مردان میں قومی وطن پارٹی کو شدید دھچکا۔قومی وطن پارٹی PK-26 کے چیئرمین ظہور حسین مہمند اپنی کابینہ اور تمام یونین کونسلوں کے 120سے زائد عہدیداروں سمیت وطن کور کو خیبر آباد کہہ کر بنیادی رکنیت اور عہدوں سے احتجاجاًً مستعفی ہو گئے۔ میڈیا کلب تخت بھائی میں ہنگامی نیوز کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی PK-26کے چیئرمین ظہور حسین مہمند٬ جنرل سیکرٹری عیسیٰ خان٬ ناظم شیر زمین خان٬ سلیم خلجی ٬ کمال خان٬ عبد المالک خان٬ فہمید خان اور دیگر نے کہا کہ ہم نے دن رات ایک کر کے قومی وطن پارٹی کو ضلع مردان میں ایک منظم اور مضبوط قوت بنایا اور گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی قیادت کی آشیر آباد نہ ہونے کے باوجود ناظم و کونسلروں کی درجنوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

لیکن روزاول سے ہی پارٹی قیادت نے ہمیں بری طرح مایوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی میں جمہوریت نام کی کوئی شے نہیں اور یہ صرف چارسدہ کے مفاد کے لیے بنائی گئی ہے۔ جو کہ غریب ورکر کی بجائے صرف آقا غلام پارٹی ہے اور صرف خوانین کو ترجیح دیتی ہے۔ظہور حسین مہمند نے کہا کہ ہم نے ایسے کڑے وقت میں قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے دوستی کا ہاتھ دیا جب یہ سیاسی طور پر شدید بحران کا شکار تھی لیکن ہم نے اپنی کوششوں سے اسے ایک مضبوط قوت بنا کر ضلع بھر میں تنظیم سازی کی انہوں نے آئندہ الیکشن 2018ء کے عام انتخابات آزاد حیثیت سے لڑنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی مرکزی و صوبائی قیادت نے ہمیشہ ہمیں مایوس کیا جبکہ ان کے علاقے کے لیے کئے گئے ترقیاتی اعلانات اور وعدے بھی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں اور یو سی عہدیداروں یو سی جہانگیر آباد کے چیئرمین جہانزیب خان٬ جنرل سیکرٹری اصغر علی ٬ پٹ بابا کے چیئرمین عبد المالک خان٬ جنرل سیکرٹری امجد خان٬ دامن کوہ کے چیئرمین فہمید خان٬ جنرل سیکرٹری مسعود خان٬ ساڑو شاہ کے چیئرمین ناصر جمال ٬ یو سی کوٹ کے چیئرمین عثمان٬ PK-26کے یوتھ آرگنائزر عبد اللہ شاہ٬وطن پال سٹودنٹس فیڈریشن ڈگری کالج تخت بھائی کے صدر جواد٬نائب صدر محسن علی٬ جنرل سیکرٹری محسن خان٬ وطن پال ضلع مردان کے آرگنائزر سلیم خلجی نے اپنے تمام کابینہ عہدیداروں اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو نے کا اعلان کیا اور ظہور حسین مہمند کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :