موجودہ حکومت میں ہم نے شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور اضا خیل اجتماع عام میں ثابت کیا ہے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی قوت کے طور پر ابھرے گی ٬سینئر صوبائی وزیربلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ خان کا اجتماع سے خطاب

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 19:57

دیر بالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) سینئر صوبائی وزیربلدیات ودیہی ترقی و پارلیمانی لیڈرجماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں ہم نے شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور اضا خیل اجتماع عام میں ثابت کیا ہے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی قوت کے طور پر ابھرے گی اور کہ اگلی مرتبہ قوم کی طرف سے ہمیں مینڈیٹ ملے گا تو ہم پورے معاشرہ میں شفافیت کا بول بالا کر یں گے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کو ماڈل صوبہ بنانے کے لیے تعلیم ٬صحت اور دیگر شعبوں میں ماڈل اقدامات کریں گے لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جائے گا۔ وسائل کے حوالے سے ہمارا صوبہ خود کفیل ہے یہاں پر معدنیات اور قدرتی وسائل خاطر خواہ مقدار میں موجود ہیں۔ جماعت اسلامی ان کو بروئے کار لا کر صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کر ے گی۔

(جاری ہے)

وہ دیر بالا میںشمولیتی اجتماع سے خطا ب کر رہے تھے۔

اس موقع پر اے این پی کے تحصیل ممبر سابقہ ضلعی جنر ل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی ارشاد خان نے اپنے ساتھیوں سمیت اے این پی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میںشمولیت کا اعلان کیا۔شمولیتی اجتماع سے امیر جماعت اسلامی دیر بالا و ضلعی نائب ناظم حنیف اللہ ایڈووکیٹ ٬ تحصیل ناظم میر مخزن الدین اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے کہاکہ اتحادی حکومت میں اپنی مینڈیٹ کے اندر ہم نے ایسے منصوبے ترتیب دیے اور ایسے پرجیکٹ شروع کیے جس کی مثالیں ملک کے اندر اور بیرون ملک دی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دیر بالا کومخصوص وجوہات کی بنا پر پسماندہ رکھا گیا تھا۔ ہم نے اس کو پورے ملک میں ماڈل ضلع بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔یہاں پر سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔جب دیر تک مواصلات کی رسائی ہو جائے گی پھر یہاں تعلیمی ادارے بھی بنیں گے اور صنعتی ترقی بھی ہو گی۔انھوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ نوجوان ہماری خصوصی توجہ کامرکز ہیں ان کومثبت سرگرمیاں فراہم کریں گے اور ان کو ٹریننگ دے کر روزگار کا اہل بنائیں گے۔عنایت اللہ خان نے کہا کہ ہم نے ایک مثالی بلدیاتی نظام دیا ہے اور اسی نظام کی بدولت اب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :