پختون خطہ پر جاری سنگین حالات کا مقابلہ کرنے اور پختون قوم کو امن٬ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی‘وفاقی حکومت ملک کی تمام اکائیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک کرتے ہوئے وسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو کاچھوٹے صوبوں اور قومیتوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے فی الفور اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 19:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اکتوبر2016ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئرصوبائی وزیرسکندرحیات خان شیرپائو نے چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے فی الفور اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ملک کی تمام اکائیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک کرتے ہوئے وسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ترنگزئی ضلع چارسدہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ترنگزئی کے سابقہ صدر اور موجودہ ناظم حاجی رحیم اللہ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اجتماع سے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی٬فقیر حسین لالا٬پیر رحمان اللہ٬حامد خان ترنگزئی٬یحییٰ جان مہمند اور ظہورخان کے علاوہ دیگر رہنما?ں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپا? نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پختون خطہ پر جاری سنگین حالات کا مقابلہ کرنے اور پختون قوم کو امن٬ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف مرکز کی طرف سے نامناسب رویہ اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کی وجہ سے پختونوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے تو دوسری طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والے نقصانات پر وفاق کی طرف سے سردمہری کی بدولت یہاں پر پائی جانے محرومی میں روز بروزاضافہ ہو رہا ہے تاہم پختونوں کا وسائل پر اختیار اور حق کیلئے کمربستہ ہوکر جہدوجہد کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے صرف ایک صوبہ کو توجہ دی جارہی ہے جس کی وجہ سے باقی صوبوں کی مایوسی اور پسماندگی میں حد درجے اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ پختون عوام نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ میں بیش بہا قربانیاں دیں ہیں جس کے نتیجے میں یہاں پر معاشی اور سماجی مسائل میں گوناگوں اضافہ ہوا ہے لہٰذا عوام کی مشکلات دور کرنے سے ان کی داد رسی ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے اپنے منشور میں لوگوں کی اقتصادی ترقی اور سماجی خوشحالی کیلئے انقلابی پروگرام مرتب کیا ہے تاکہ پختونوں کو شاندار مستقبل فراہم کیا جائے اور وہ قومی سطح پر ملکی تعمیر وترقی میں فعال اور سرگرم کردار ادا کر سکے۔انھوں نے مزید کہا کہ چارسدہ میں آبپاشی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ضلع میں زرعی خوشحالی کے ساتھ ساتھ علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔