لاہور ٬ مکہ مکرمہ پر حوثی دہشت گردوں کی طرف سے میزائل حملے کیخلاف ’’دفاع ارض حرمین الشریفین کانفرنس‘‘ آج ہو گی

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) امت مسلمہ کے مستحکم ممالک میں انارکی پیدا کرنے اور مسلمانوں کے مقدسات پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ آج (30اکتوبربروز اتوار)لاہور میں مکہ مکرمہ پر حوثی دہشت گردوں کی طرف سے میزائل حملے کے خلاف ’’دفاع ارض حرمین الشریفین کانفرنس‘‘ ہو گی۔

کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے قائدین اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ شام ٬ عراق ٬ لیبیا کی تباہی کے بعد اب اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں پاکستان اور سعودی عرب کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں اور مسلمانوں کی وحدت کے مرکز مکہ مکرمہ پر حوثی دہشت گردوں کی طرف سے میزائل حملے کی ناکام کوشش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں مسلمانوں کے خلاف جارحیت پر اتر آئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں عالمی ایجنڈے کا حصہ ہیں ۔ پوری دنیا پر یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا استحکام اور سلامتی ایک دوسرے سے مربوط ہے ٬ اسی لیے ایک طرف سعودی عرب کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور دوسری طرف پاکستان میں عدم استحکام لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ رابطہ قائم کرے اور ارض حرمین الشریفین کے دفاع ٬ سلامتی اور استحکام کیلئے جو کردار بھی پاکستان ادا کر سکتا ہے ٬ اسے ادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :