نواز شریف اور مودی میں کوئی فرق نہیں ٬ مودی لائن آف کنٹرول پر لوگوں کو مار رہا ہے‘ ارمغان صادق

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 18:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ارمغان صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مودی میں کوئی فرق نہیں ہے ٬ مودی لائن آف کنٹرول پر لوگوں کو مار رہا ہے اور نواز شریف اسلام آباد اورپنڈی میں پرُامن کارکنان پر تشد د کر رہا ہے ٬حکومت ملک میں انتشار اور فساد چا ہیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت گرفتار کارکنوںکو فوری رہا کرے ورنہ 2 نومبر کو اسلام آباد ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں دمادم مست قلندر ہو گا ۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس میں نام آنے کے باوجود حکمران ضد اور ہٹ دھرمی پر ڈٹے ہوئے ہیں لیکن ان کے احتساب کے دن قریب آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ جمہوریت سے صرف حکمران خاندانوں کی دولت میں مزید ترقی ہو رہی ہے جبکہ غریب دو وقت سے ایک وقت کی روٹی پر آ گیا ہے ۔جمہوریت میں تو حکمران جوابدہ ہوتے ہیں لیکن آج ہمارے حکمران کسی بھی ادارے کو جواب دینے کی بجائے آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے کیونکہ اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ پاکستان کی ترقی کی پہلی سیڑھی ہے اور اس کے بعد دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی ۔