کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں 16کروڑ40لاکھ روپے کی لاگت سے مزید دو ہوسٹل تعمیر کئے جا ئیں گے٬ کمشنر

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 17:35

چیچہ وطنی۔29 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)قوم کے نونہالوں کا تابناک مستقبل بنانے کے لئے کیڈٹ کالج اوکاڑہ کے توسیع منصوبے کے دوسرے مرحلے پر مزید دو ہوسٹل تعمیر کئے جا رہے ہیں ٬جن پر 16کروڑ40لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے -اس منصوبے کی منظوری کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ کی زیر صدارت منعقدہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی-یہ منصوبہ آئندہ مالی سال تک مکمل کر لیا جائے گا -واضح رہے کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے کیڈٹ کالج اوکاڑہ اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے -اگلے مرحلے پر مزید دو ہوسٹل تعمیر کئے جائیں گے جس سے کالج کی مجموعی گنجائش 600کیڈٹس تک پہنچ جائے گی -کمشنر نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید قومی امنگوں کے مطابق استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا -اجلاس میں ڈی سی او اوکاڑہ سکرات امان اللہ٬ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس٬سپرنٹنڈنٹ انجینئر پی ایچ ای سرکل ٬سپرنٹنڈنٹ انجینئرپراونشل ہائی وے سرکل ٬سپرنٹنڈنٹ انجینئرپراونشل بلڈنگ سرکل ٬سپرنٹنڈنٹ انجینئرایل بی ڈی سی اور پرنسپل کیڈٹ کالج اوکاڑہ کمانڈر (ر) محمد شمیم اخترنے شرکت کی -