کاشتکارفصلات سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے دھوپ میں سپرے کریں ۔ماہرین

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 17:35

فیصل آباد۔29 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو اپنی فصلات سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے اچھی طرح نکلی ہوئی دھوپ میں سپرے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار تیز ہوا ٬ دھند یابادلوں کی صورت میں سپرے کرنے سے اجتناب کریں کیونکہ اس طرح جہاں سپرے کے اثرات ذائل ہونے کا خدشہ ہوتاہے وہیں کاشتکاروںکو بھاری مالی نقصان کاسامنا بھی کرناپڑسکتاہے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی کاشت کاعمل بھی بروقت مکمل کرلیں اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کی جانب خصوصی توجہ مبذول کریں ۔ انہوںنے کہاکہ جڑی بوٹیاں جہاں پانی ٬ کھادوں٬ سپرے کانقصان کرتی ہیں وہیں اس سے فصل کی پیداواری شرح بھی 40 فیصد تک کم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ زرعی اجناس کی بہتر پیداوار معیشت کی مضبوطی کیلئے اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہے لہٰذا گندم سمیت دیگر اجناس کی کاشت میں جدید سائنسی ٹیکنالوجی کا استعمال کریں تاکہ انہیں مالی منافع حاصل ہونے سمیت ملک و قوم کو بھی اس کے ثمرات سے مستفید کیاجاسکے۔