قصابوں کا گوشت کی سرکاری قیمت فروخت از سر نو مرتب کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 17:29

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)قصابوں نے ضلعی انتظامیہ سے گوشت کی سرکاری قیمت فروخت از سر نو مرتب کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کام کرنے والے قصابوںمحمد عظیم عرف کالا٬ ساجد عرف بونا ودیگر نے سرکاری ریٹ پر عوام کو صحت مند گوشت فراہم کرنے پر شدید تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ریٹ پر شہریوں کو تازہ اور صحت مند جانور کا گوشت مہیا نہیں کر سکتے ریٹ میں اضافہ کیا جائے ۔

قصابوںنے کہا کہ دوسری طرف کھالوں کے ریٹس میں کمی کر کے ہمارے کاروبار کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ برسوں پہلے منگل اور بدھ گوشت کا ناغہ کیاگیا ہے جو آج تک چل رہا ہے حکومت اس اقدام پر بھی نظر ثانی کرے اور پورے ہفتے عوام کو گوشت کی بلا تعطل فراہمی کے احکامات جاری کرے تاکہ اس صنعت سے وابستہ لوگ اپنے بال بچوں کا عزت کے ساتھ پیٹ پال سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے الزام عائد کیاکہ سلاٹر ہاؤس راولپنڈی کرپشن کا گڑھ بن گیااور بیمارجانوں کا گوشت مارکیٹ میں سپلائی ہونے لگاہے کیونکہ سلاٹر ھائوس نے جانور ذبحہ کروانے والوں سے فی کس ہزار روپے پرچی وصولی شروع کر رکھی ہے ۔انہوںنے کہاکہ شہریوں کی بڑی تعداد میں تازہ گوشت کے حصول کے لیے اپنے سامنے ذبحہ ہونے والے جانوروں کا گوشت خریدنے کا رحجان فروغ پا رہا ہے لہذا اس حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں۔