عدالتوں کے فیصلے نہ ماننے والے احتجاج اورانتشار کی سیاست کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ کی بھی توہین کررہے ہیں٬ مقبول احمد خان

پاناماکیس کی سپریم کورٹ میں سماعت شروع ہونے کے بعد اسلام آباد بند کرنے کا کوئی جواز نہیں٬ جنرل سیکرٹری ایم ایس ایف پنجاب

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 16:36

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے جنرل سیکریٹری مقبول احمد خان نے کہا ہے کہ عدالتوں کے فیصلے نہ ماننے والے احتجاج اورانتشار کی سیاست کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ کی بھی توہین کررہے ہیں٬ پاکستانی بال ٹھاکرے اور لالو پرشاد اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کرنیوالے پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشیت کو دوبارہ پٹری سے اتارنا چاہتے ہیںاورافسوس کی بات ہے کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا راستہ روکنے کی سازشیں پاکستان کے اندر سے کی جارہی ہیں۔

پاناماکیس کی سپریم کورٹ میں سماعت شروع ہونے کے بعد اسلام آباد بند کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔ جھوٹ ٬ الزام تراشی اور دروغ گوئی کی سیاست کے علمبردار عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیںاورشکست خوردہ عناصرغیر جمہوری٬غیر آئینی ٬غیر سیاسی اورغیر اخلاقی ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام جانتے ہیں کہ دھرنے والے نیازی صاحب٬ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دھڑن تختہ چاہتے ہیں ۔

پاکستان کے باشعور عوام ان شکست خوردہ عناصر کی منفی سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں ۔مقبول احمد خان نے کہا کہ ملک کے امن کو تباہ اوروطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والوں کی سازش ناکام ہوگی۔عوام ان عناصر کی منفی سوچ اورملک کے امن کو خراب کرنے کی سازش سے پوری طرح آگاہ ہوچکے ہیں ۔سرمایہ کاری اورترقی کے تیزرفتار عمل میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں ۔

دھرنے اورانتشار پھیلانے والوں کوپاکستان کی مضبو ط ہوتی ہوئی معیشت ہضم نہیں ہورہی ۔انہوںنے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے نہ ماننے والے احتجاج اورانتشار کی سیاست کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ کی بھی توہین کررہے ہیں ۔اسلام آباد بند کرنا درحقیقت پاکستان کے غریب عوام میں خوشحالی کے دروازے بند کرنا ہے ۔عوام کے مسترد شدہ عناصر دھرنوں کے ذریعے عوام سے اپنی شکست کا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ شہروں کو بند کرنے سے پاکستان کی معیشت کواربوں روپے کانقصان ہوتاہے ۔اسلام آباد بندکرنا دراصل عوام کامعاشی قتل ہے۔مقبول احمد خان نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کاضامن ہے ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورپاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے ۔انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت لگنے والے بجلی کے منصوبوں سے اندھیرے دورہوں گے٬دھرنے والوں کو یہ کسی صورت گوارہ نہیں۔

دھرنا گروپ چاہتا ہے کہ ملک و قوم ا سی طرح اندھیروں میںبھٹکتے رہیں ۔ دھرنے اوراحتجاج کرنے والا گروپ سی پیک کو بند کرانے کے درپے ہے ۔دھرنا گروپ کے لیڈر نے جھوٹ٬الزام تراشی٬دروغ گوئی اورگالم گلوچ کے ریکارڈ بنائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل کو دھرنوں کے ذریعے نقصان پہنچانے کا عزائم رکھنے والے غریب کے منہ سے نوالہ چھننا چاہتے ہیں ۔پاکستان کے باشعور عوام ملک کی ترقی کے مخالفین کے منفی عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔