Live Updates

پانامہ زدہ حکمرانوں کے اقدامات پر جمہوریت بھی شرمندہ ٬دو نومبر کو کرپشن کے ناسور پر آخری وار کرینگے ‘ مسرت چیمہ

ریاستی مشینری کے بل بوتے پرمسل دکھا نے والے نوشتہ دیوار پڑھ لیں انکے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے‘ رہنما پی ٹی آئی

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 12:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پانامہ زدہ حکمرانوں کی طرف سے پر امن احتجاج کو روکنے کیلئے نہتے کارکنوں پر بہیمانہ تشدد اور گرفتاریوں جیسے اقدامات پرجمہوریت بھی شرمندہ ہے ٬ حکمران جہاں مرضی چاہیں پنڈال لگا لیں انہیں کوئی روک ٹوک نہیں لیکن اپوزیشن کوان کی کرپشن بارے سوال کرنے کا کوئی حق نہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں اور انہوں نے صرف اپنے مفادات کیلئے جمہوریت کالبادہ اوڑھ رکھا ہے ۔ریاستی مشینری کے بل بوتے پرکارکنوں کی گرفتاریاں اور تشدد کرکے مسل دکھا نے والے نوشتہ دیوار پڑھ لیں ان کے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں جلسے سے حکمرانوں کو کیا خطرہ لا حق تھا جو وہاںکرفیو کا سماں پیدا کیا گیا۔

حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی دھجیاں بکھیر دی ہیں جس کا ضرور نوٹس لیا جانا چاہیے ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن پر عزم ہیں انشا اللہ 2نومبر کو حوصلے اور جذبے کے ساتھ کرپشن کے ناسور پر آخری وار کرنے کے لئے میدان عمل میں نکلیں گے۔ حکمران بیشک گرفتاریاں کر کے جیلیں بھر لیں لیکن اب یہ تحریک کسی صورت نہیں رکے گی بلکہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی چمپئن ہونے کی دعویدار حکومت کے تشدد کے آگے تو آمریت بھی شرما گئی ہے لیکن ہم ایسے اقدامات سے خوفزدہ ہونے والے نہیں بلکہ اس سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ہم اس تشدد سے تقویت لے کر مزید جوش و جذبے سے میدان عمل میں نکلیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات