اقوام متحدہ میں جوہری ہتھیاروں پر پابندی کی قرارداد منظور

اگلے برس دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے لیے بات چیت کا آغاز بھی کیا جائے٬قراردارمیںمطالبہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 12:01

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2016ء) عالمی طاقتوں کی مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک کمیٹی نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ایک قراردادمنظور کر لی ہے٬ جس میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی عالمی معاہدے کے لیے بات چیت کا آغاز کیا جائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس قرارداد کو منظور ہونے سے روکنے کے لیے عالمی طاقتوں نے زبردست لابنگ کی٬ تاکہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالیں٬ تاہم جمعے کے روز اس قرارداد پر ہونے والی ووٹنگ میں 123 ممالک نے اس کے حق میں جب کہ صرف 38 ممالک نے اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

پاکستان٬ چین اور بھارت سمیت 16 ممالک نے اس قرارداد میں اپنی رائے محفوظ رکھی۔جنرل اسمبلی میں یہ قرارداد آسٹریا٬ برازیل٬ آئرلینڈ٬ میکسیکو٬ نائجیریا اور جنوبی افریقہ نے پیش کی۔

(جاری ہے)

اس قرارداد کی مخالفت میں امریکا٬ روس٬ اسرائیل٬ فرانس اور برطانیہ نے ووٹ ڈالا۔ اب یہ قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مکمل اجلاس میں رواں برس دسمبر میں پیش کی جائے گی۔

اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگلے برس مارچ سے دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے کسی قانونی پابندی کے حامل معاہدے کے لیے بات چیت کا آغاز کیا جائے۔ اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کو دنیا بھر سے ختم کر دیا جائے۔بین الاقوامی مہم برائے تخفیف جوہری اسلحہ نامی تنظیم کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بیاٹریز فِہن نے کہاکہ آج کی ووٹنگ یہ واضح کرتی ہے کہ اقوامِ عالم کی غالب اکثریت تخفیف جوہری اسلحہ کو ضروری سمجھتی ہے اور چاہتی ہے کہ ان ہتھیاروں کا خاتمہ جلد از جلد ہو۔

اقوامِ عالم سمجھتی ہیں کہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی ہدف قابلِ حصول ہے اور اس سلسلے میں پیش رفت ہو سکتی ہے۔فِہن نے مزید کہا کہ اس قرارداد سے عالمی جوہری طاقتوں کو یقینا راضی نہیں کیا جا سکتا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے ذخائر کو قلیل وقت میں ختم کر دیں٬ مگر اس قرارداد سے اس ہتھیار کی برائیاں واضح ہو گئیں ہیں٬ بالکل یہی کچھ کلسٹر بموں اور زمینی سرنگوں کے حوالے سے بھی ہوا تھا۔