ہلیری کلنٹن کے ای میلز معاملے کی دوبارہ تحقیقات

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 11:29

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء) امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے کانگریس کو بتایا کہ ادارہ ہلیری کلنٹن کی ای میل کے معاملے کی تحقیقات دوبارہ شروع کر رہا ہے٬ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ وہ پر امید ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطبق تفتیش کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ ایک غیرمتعلقہ معاملے سے متعلق نئی ای میلز سامنے آئی ہیں جو تحقیقات کی متقاضی ہیں۔

(جاری ہے)

جیمزکومی نے کہا کہ تفتیش کار اس بات کا تعین کریں گے کہ آیا ان میلز میں خفیہ معلومات تو نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ہلیری کلنٹن کی جانب سے اپنے دورِ وزارت کے دوران حساس معلومات سے عہدہ برا ہونے کے طریقے کو انتہائی لاپروایانہ قرار دیا تھا٬ تاہم انھیں کسی مجرمانہ عمل کا مرتکب قرار نہیں دیا۔کومی نے کانگریس کو جو خط لکھا ہے وہ انتہائی مبہم ہے۔ اس میں اس غیر متعلقہ معاملے کی کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی جس کی وجہ سے یہ معاملہ دوبارہ کھولا گیا ہے۔دریں اثناء ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ وہ پر امید ہیں کہ نئی سامنے آنے والی ای میل سے ایف بی آئی کی پہلے ہونے والی تحقیقات تبدیل نہیں ہوں گی ۔