ڈرگ لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کرنے والے 13 میڈیکل سٹورز کیخلاف کیسز ڈرگ کورٹ میں بھجوانے کا فیصلہ

ہفتہ 29 اکتوبر 2016 11:24

فیصل آباد۔28 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ لائسنس کے بغیراور خلاف ضابطہ ادویات فروخت کرنے والے 13 میڈیکل سٹورزاورعطائی ڈاکٹروں کے خلاف کیسز ڈرگ کورٹ میں بھجوانے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث3میڈیکل سٹورز کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کااجلاس ڈی سی او سلمان غنی کی ہدایت پر ڈی او ایچ آر ایم خالد مسعود فروکہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

چیئرمین ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد جعلی ادویات/ایم پی اے آزاد علی تبسم بھی اس موقع پر موجودتھے جبکہ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نوازش گورایہ٬ ڈاکٹر کیپٹن محمدصدیق٬ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرسجیلہ نذیر اور ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری بورڈ عارف شہزاد نے مختلف خلاف ورزیوں پر میڈیکل سٹورز کے خلاف کارروائی سے آگاہ کیا۔صدر اجلاس نے ڈرگ انسپکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ عطائی ڈاکٹرز کے کلینکس٬جعلی ونشہ آور ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف قانون کا شکنجہ مضبوط کریں تاکہ اس قبیح فعل کی مکمل روک تھام ہوسکے۔اس موقع پر ایک میڈیکل سٹورکووارننگ اورچارکیسز کوموخر کردیا گیا۔