مسئلہ کشمیر کا دیرینہ تنازع منصفانہ اور پائیدار حل اور بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے خاتمے تک عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتا رہے گا٬سہیل محمود

جمعہ 28 اکتوبر 2016 23:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا دیرینہ تنازع اپنے منصفانہ اور پائیدار حل اور بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے خاتمے تک عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتا رہے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترکی کے اخبار میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں کیا۔ انہوں نے اپنے مضمون میں کشمیری عوام کی حالت زار کا ذکر کیا اور بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم کو سامنے لایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایاگیا۔ اس دن 1947ء میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے لئے اپنی افواج داخل کی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1990ء سے اب تک آزادی کے لئے جدوجہد میں تقریباً 94 ہزار کشمیری شہید ہو چکے ہیں اور ہزاروں اجتماعی قبریں سامنے آئی ہیں جبکہ دس ہزار خواتین کی عصمت دری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کیا جانا چاہیے۔