لاہور٬ پاکستان ریلوے پولیس کے انسپکٹرجنرل محمد منیر چشتی کی اہلیہ کی نمازجنازہ ادا

جمعہ 28 اکتوبر 2016 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان ریلوے پولیس کے انسپکٹرجنرل محمد منیر چشتی کی اہلیہ کا نمازجنازہ نیوگارڈن کی مرکزی مسجد میں گزشتہ روز بعدازنماز جمعہ ادا کیا گیا۔نماز جنازہ میں کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کیپٹن(ر) محمد امین وینس سمیت سابق آئی جیز٬ ڈی ائٓی جیز ایڈیشنل آئی جیز سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر آئی جی ریلویز محمد منیر چشتی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس عمر میں شریک حیات کی موجودگی گزرے ہوئے ماضی سے کہیں زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ شریک حیات وہ ساتھی ہے جو شوہر کے مزاج خصلت اور عادات واطوار کے بارے میں وہ کچھ جانتا ہے جو دنیا کا کوئی دوسرا قریب ترین رشتہ دار بھی نہیں جانتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماں کی جدائی کا غم بچوں کو بے شک بہت اذیت کا سبب ہوگا مگر میرے لیے میری شریک حیات کی جدائی کسی سانحہ سے کم نہیں جسے میں اپنی باقی زندگی میں کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ گزشتہ 3برسوں سے کینسر کے مرض سے میں مبتلا تھی مگر میرے لیے ایک زندہ حقیقت کی طرح موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج میں خود کو اکیلا اور تنہا محسوس کررہا ہوں اور دعاگو ہوں کہ باقی زندگی صبر واستقامت سے گزار سکوں۔ آئی جی پولیس حاجی محمد منیر چشتی نے کہا کہ ہر ذی روح ک ایک دن فنا ہونا ہے اور یہ ہی حقیقت ہے خدا ہمیں ہمارے وعدوں پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان ریلوے کے آئی جی کی اہلیہ کے جنازے میں سابق اور موجود پولیس افسران کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔(سعید)

متعلقہ عنوان :